فیصل آباد کے سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن کیلئے 23 ارب روپے کے ڈویلپمنٹ پیکج پر کام شروع کر دیا گیا ہے جس کا پہلا فیز جون 2026 جبکہ دوسرا فیز جون 2027 تک مکمل ہو گا جس سے شہریوں کے نکاسی سے متعلقہ مسائل کا پائیدار اور جامع حل نکلے گا۔ یہ بات صوبائی سیکرٹری برائے ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ نورالامین مینگل نے کہی ہے۔ وہ کریسنٹ گراؤنڈ میں انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینک کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی معیاری سہولیات مہیا کرنے کے لئے صوبہ بھر میں 200 ارب روپے کی سیوریج اپ گریڈیشن سکیموں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مون سون سیزن کے دوران بارشی پانی کی فوری نکاسی کیلئے فیصل آباد میں مختلف مقامات پر انڈرگراؤنڈ سٹوریج ٹینک کی تعمیر کئے جا رہے ہیں جو شہر کے پونڈنگ پوائنٹس کی مناسبت سے تعمیر کئے جارہے ہیں جس سے بارشی پانی کی مختصر ترین وقت میں نکاسی ممکن ہو سکے گی جو شہریوں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔ مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے دوسرے فیز میں شہر میں مزید 4 انڈرگراؤنڈ سٹوریج ٹینک تعمیر کئے جا رہے ہیں جن میں کریسنٹ پارک مین شیخوپورہ روڈ، جنرل ہسپتال غلام محمد آباد سے ملحقہ، پاکستان چوک مین نڑوالا روڈ اور ہاکی اسٹیڈیم مدینہ ٹاؤن سوساں روڈ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاروں انڈرگراؤنڈ سٹوریج ٹینکس کی تعمیر پر 87 کروڑ 57 لاکھ روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور کریسنٹ پارک کا پراجیکٹ جولائی 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا جس سے ملت چوک میں جمع ہونے والے پانی کی فوری نکاسی ممکن ہو سکے گی۔
