فیصل آباد: پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد ڈویژن، یونس ایمرے تُرکش کلچرل سینٹرز پاکستان اور جی سی وویمن یونیورسٹی فیصل آباد کے اشتراک سے ترکی کی تاریخ و ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے نصرت فتح علی خان آڈیٹوریم میں تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ نمائش میں ترکی کی تاریخ و ثقافت اور پاکستان و ترکی کے ثقافتی ورثے کو تصویری شکل میں پیش کیا گیا۔ نمائش کا افتتاح ایڈشنل کمشنر آصف اقبال چوہان، کنٹری ڈائریکٹر یونس ایمرے تُرکش کلچرل سینٹرز پاکستان پروفیسر ڈاکٹر خلیل ٹوکر، اور ڈائریکٹر آرٹس کونسل مقبول احمد ملک نے کیا۔
ایڈیشنل کمشنرنے ترکیہ کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کے ثقافتی ورثہ کو اجاگر کرنے کے لئے نمائش کے انعقاد سے شرکاء کو نہ صرف تاریخ سے آگاہی حاصل ہوتی ہے بلکہ میل جول کے بھی مواقع ملتے ہیں۔خلیل توکار نے پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد کا شکریہ ادا کیا اور ترک ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے تصویری نمائش کے انعقاد کو سراہا۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر پروگرام اسد حیات نول،اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکاؤنٹ فنانس ڈاکٹر محمد مزمل مرتضی اوراسسٹنٹ ڈائریکٹر توحید احمد بھی موجود تھے۔
