فیصل آباد: قومی گرڈ پر دباؤ کو کم کرنے اور بجلی کی طلب میں اتار چڑھاؤ سے نمٹنے کے لئے صنعتوں کی سولر انرجی پر منتقلی کو آسان بنانے کے لیے موثر اور معاون پالیسیاں متعارف کروانا ناگزیر ہے۔نیٹ میٹرنگ ختم کرکے متعارف کروائی گئی نیٹ بلنگ کی پالیسی صنعتوں کی سولر انرجی پر منتقلی میں رکاوٹہے کیونکہ یہ پالیسی انہیں مہنگے بیٹری اسٹوریج سسٹم میں سرمایہ کاری کرنے پر مجبور کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار ٹیکسٹائل انڈسٹری، اکیڈیمیا اور تحفظ ماحولیات کے ماہرین نے “پاکستان میں پائیدار صنعتی ترقی پر جنگی بحران، پرزیومر ریگولیشنز اور ٹیرف سٹرکچر کے اثرات” کے عنوان سے ہونے والے سیمینار میں کیا ہے. سیمینار کا انعقاد آلٹرنیٹ ڈویلپمنٹ سروسز نے گرین گروتھ الائنس اور گرین کارپوریٹ الائنس کے اشتراک سے کیا تھا۔شرکاء نے پاور سیکٹر میں متضاد پالیسیوں اور سست اصلاحات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے بھارت، بنگلہ دیش اور ویتنام جیسے علاقائی برآمد کنندگان کے ساتھ مسابقت میں رہنے کے لیے سستی اور بلاتعطل بجلی کی فراہمی ضروری ہے۔انہوں نے عالمی ماحولیاتی تعمیل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک قومی کاربن اکاؤنٹنگ رجسٹری کے قیام، صنعت اور اکیڈیمیا کے مابین اشتراک میں اضافے اور قابل تجدید توانائی کے دیگر ذرائع کو بھی فروغ دینے پر زور دیا۔

آلٹرنیٹ ڈیولپمنٹ سروسز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر امجد نذیر نےبروقت اور مستقل توانائی کی پالیسیوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا کہ تاخیر سے ملک کے معاشی مفادات کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ ریگولیٹری تبدیلیوں نے سولر انرجی پر منتقلی کے خواہشمند صنعتی اداروں کے لیے سرمایہ کاری کے منظر نامے کو تبدیل کر دیا ہے۔ نسٹ یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر سید علی عباس کاظمی نے کہا کہ بڑھتے ہوئے ٹیرف، زیادہ مالیاتی اخراجات اور پالیسی میں تضاد صنعتوں کے لیے رسک میں اضافہ جبکہ سرمایہ کاری پر منافع کم کر رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اصلاحات کے بغیر صنعتی ترقی مزید سست ہو سکتی ہے۔ پاکستان سولر ایسوسی ایشن کے نمائندے علی احسن نے کہا کہ حکومت کے غیر یقینی ٹیرف اور ریگولیٹری فیصلوں کے باوجود ملک میں سولر انرجی کے استعمال میں اضافہ جاری ہے کیونکہ لوگ بجلی کی مسلسل اور سستی ترسیل کے لیے حکومت پر مزید اعتماد کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ سیمینار کے شرکاء نے اتفاق کیا کہ برآمدی صنعتوں بالخصوص ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کو برقرار رکھنے کے لیے تحفظ ماحولیات کے عالمی قوانین کی تعمیل اور کاربن کے اخراج میں کمی کاروباری مسابقت اور بقا کے لیے ضروری ہیں۔
