نئے چینی سال کے آغاز اور پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ پر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں تقریب


فیصل آباد: نئے چینی سال کے آغاز اور پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے حوالے سے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر قونصلیٹ جنرل کے نمائندے مسٹر لیو نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعلق باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، زراعت، تجارت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط جبکہ عوامی روابط باہمی ہم آہنگی اور طویل المدتی علاقائی خوشحالی کو فروغ دے رہے ہیں۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ پاکستان اور چین ایک دوسرے کی تعلیمی و تحقیقی مہارت سے بھرپور استفادہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ تحقیق، فیکلٹی تبادلے اور مختلف شعبہ جات خصوصاً زراعت، سائنس اور ٹیکنالوجی میں اشتراک ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علم اور تجربات کے تبادلے سے دونوں ممالک پائیدار ترقی اور باہمی پیش رفت کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔ چینی ڈین ڈاکٹر ژو چانگ منگ نے کہا کہ زبان اور ثقافتی روابط نے دونوں ممالک کو مزید قریب کیا ہے جو سائنسی تعاون کے فروغ اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری ترقی کے نئے مواقع فراہم کرے گی۔ ڈاکٹر صدام حسین نے کہا کہ یہ تقریب دونوں برادر ممالک کے گہرے تاریخی، ثقافتی اور تزویراتی تعلقات کی عکاس ہے۔ قبل ازیں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر رؤفِ اعظم، جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کی وائس چانسلر ڈاکٹر کنول امین، چولستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد مظہر ایاز، دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے ریکٹر ڈاکٹر امان اللہ ملک، کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے ڈین ڈاکٹر صدام حسین اور ڈاکٹر ژو چانگ منگ، اسسٹنٹ کمشنر فیصل آباد سٹی عادل عمر، فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف، سی این ایف کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل ذاکر علی خان، چن دی یی اور چینی صنعتوں و قونصلیٹ جنرل آف چائنا لاہور کے 15 نمائندوں کے ہمراہ نئے چینی سال کے آغاز کی خوشی میں کیک کاٹا۔ بعدازاں تقریب کے اختتام پر آتشبازی کے علاوہ چینی لالٹین بھی فضا میں چھوڑی گئیں۔

Author

  • نعیم احمد ایک تحقیقاتی صحافی ہیں جو سماجی مسائل پر لکھنے میں مہارت رکھتے ہیں۔ ان کی تحریریں خاص طور پر پسماندہ طبقات کے حقوق کی وکالت پر زور دیتی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں