فیصل آباد: انٹرلوپ لمٹیڈ نے سال 25-2024 میں 560 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات کرکے پاکستان کی دوسری سب سے بڑی ایکسپورٹ کمپنی ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ انٹرلوپ لمٹیڈ کے چیئرمین مصدق ذوالقرنین نے اس کامیابی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سنگ میل ادارے کی غیر معمولی ٹیم کے جذبے، نظم و ضبط اور لگن کا براہ راست عکاس ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کے 30 بڑے برآمد کنندگان کی فہرست میں فیصل آباد کی آٹھ ٹیکسٹائل کمپنیاں شامل ہیں جنہوں نے مجموعی طور پر ڈیڑھ ارب ڈالر سے زائد مالیت کی برآمدات کی ہیں۔ ان میں مسعود ٹیکسٹائل نے 173 ملین ڈالر، کیلاش لمٹیڈ نے 168 ملین ڈالر، بیکن امپیریل نے 147 ملین ڈالر، گوہر ٹیکسٹائل نے 146 ملین ڈالر، کمال لمٹیڈ نے 137 ملین ڈالر، صداقت لمٹیڈ نے 132 ملین ڈالر اور کریسنٹ ٹیکسٹائل نے 122 ملین ڈالر کی برآمدات کی ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مالی سال 25-2024 میں سب سے زیادہ برآمدات کرنے والے 50 بڑے برآمد کنندگان کو دو سال تک بلیو پاسپورٹس کی مراعات فراہم کرنے کے علاوہ برآمد کنندگان کیلئے ایکسپورٹ ری فنانسنگ کی شرح 7.5 فیصد سے کم کرکے 4.5 فیصد کرنے ، بجلی کے ٹیرف میں چار روپے چار پیسے مزید کمی، ویلنگ چارجز میں 9 روپے کی کمی کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ ایکسپورٹ انڈسٹری نے حکومت کی طرف سے کئے جانے والے حالیہ اقدامات کو خوش آئند قرار دیا ہے. انہوں نے وزیر اعظم کے اعلان کردہ ریلیف پیکج کو بروقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے آنے والے مہینوں میں صنعتی سرگرمیوں کو بحال کرنے، برآمدات کو بڑھانے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
