فیصل آباد: پاکستان بزنس کونسل کی طرف سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کی برآمدات میں کمی کی بجائے اضافہ ہوا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مختلف سیکٹرز کی نمائندہ تنظیموں کی جانب سے مختلف فورمز پر مسلسل یہ دعوی کیا جا رہا تھا کہ برآمدات میں کمی کی وجہ سے ٹیکسٹائل انڈسٹری بحران کا شکار ہے اور سینکڑوں فیکٹریاں بند ہو چکی ہیں۔ تاہم اس سلسلے میں پاکستان بزنس کونسل کی طرف سے رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کی برآمدات کا گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے سے موازنہ کرکے بتایا گیا ہے کہ جولائی تا دسمبر 2025ء کے چھ ماہ میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کی برآمدات میں مجموعی طور پر ایک ارب ڈالر کے لگ بھگ اضافہ ہوا ہے۔

اس حوالے سے جاری تفصیلات کے مطابق ٹیکسٹائل گروپ میں شامل ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات میں پانچ فیصد کے قریب، نٹ وئیر سیکٹر کی برآمدات میں چار فیصد سے زائد، بیڈ وئیر کی برآمدات میں دو فیصد کے قریب جبکہ ٹینٹس، کینوس اور ترپالوں کی برآمدات میں سات فیصد سے زائد اور ان کے علاوہ ٹیکسٹائل کی دیگر مصنوعات کی برآمدات میں چار فیصد کے قریب اضافہ ہوا ہے۔ علاوہ ازیں محکمہ شماریات کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق نومبر 2025 میں گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں لارج سکیل مینوفیکچرنگ میں 10 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران لارج سکیل مینوفیکچرنگ میں چھ فیصد سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
