نٹ وئیر اور ویلیو ایڈیڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کا بحران شدت اختیار کر گیا، پی ایچ ایم اے


فیصل آباد : پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (نارتھ زون) کے سینئر وائس چیئرمین احمد افضل اعوان نے کہا ہے کہ نٹ وئیر اور ویلیو ایڈیڈ ٹیکسٹائل سیکٹر شدید ترین بحران سے دوچار ہے۔ وہ پی ایچ ایم اے کے اراکین کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انرجی ٹیرف میں اضافے، ٹیکسوں کا بوجھ بڑھنے، ریفنڈز میں تاخیر اور پالیسیوں میں عدم تسلسل کے باعث صنعت کی بقا کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نٹ وئیر سیکٹر کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی وزارتوں کے ساتھ جلد از جلد اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ صنعت کو درپیش بحران سے نکالا جا سکے۔ اجلاس میں شریک گروپ لیڈر چوہدری سلامت علی ، ڈاکٹر خرم طارق، میاں کاشف ضیاء، میاں نعیم احمد، سید ضیاء علمدار، شاہد احمد شیخ سمیت دیگر اراکین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ نٹ وئیر سیکٹر کے مسائل حل کرنے کے لیے متحد ہو کر ہر ممکن کوشش کریں گے۔ممبران نے یقین دلایا کہ ان میں سے جن کے وفاقی و صوبائی وزراء یا اعلیٰ سرکاری عہدیداران سے قریبی روابط ہیں، وہ انہیں بروئے کار لاتے ہوئے متعلقہ حکام کو پی ایچ ایم اے کے دفتر مدعو کریں گے تاکہ مسائل پر براہِ راست بات چیت ہو اور فوری و مؤثر فیصلے ممکن بنائے جا سکیں۔شرکاء نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اگر حکومت اور صنعت مل کر سنجیدہ اقدامات کریں تو نہ صرف نٹ وئیر سیکٹر کو بحران سے نکالا جا سکتا ہے بلکہ پاکستان کی برآمدات، روزگار اور معیشت کو بھی مستحکم کیا جا سکتا ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں