ورلڈ بینک کے صدر اجےسنگھ کی پاکستان آمد، گوردوارہ پنجہ صاحب حاضری، آبائی گھر خوشاب بھی جائیں گے

ورلڈ بینک کے صدر اجے پال سنگھ بنگا اہم دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں وہ 4 فروری تک پاکستان میں قیام کریں گے۔ انہوں نے اپنے دورے کا آغاز حسن ابدال میں واقع سکھوں کے مقدس مقام گوردوارہ پنجہ صاحب کے درشن اور مذہبی رسومات کی ادائیگی سے کیا۔ انہوں نے گوردوارے کے لنگر خانے میں لنگر بھی تناول کیا۔ بعدازاں مقامی سکھ برادری کی جانب سے انہیں روایتی سروپا پیش کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور پنجاب کے صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑا بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ورلڈ بینک کے سربراہ اجے بنگا کی خوشاب میں اپنے آبائی گاوں آمد بھی متوقع ہے جہاں وہ “گلی سکھاں والی” میں واقع اپنے آبائی گھر اور گوردوارے جائیں گے جہاں ان کے والد لیفٹیننٹ جنرل ہربھجن سنگھ بنگا نے اپنا بچپن گزارا تھا۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور مقامی شہریوں کی طرف سے ان کے استقبال کی خصوصی تیاریاں کی گئی ہیں۔ انہیں خوشاب کی روائتی مٹھائی “ڈھوڈا” اور آبائی گھر کی مٹی کا تحفہ بھی پیش کیا جائے گا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ورلڈ بینک کے صدر اجے پال سنگھ بنگا اس دورے میں وزیراعظم شہباز شریف، ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور دیگر اعلی سرکاری حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ اس دوران پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات کے علاوہ پاکستان اور بھارت میں جاری آبی تنازع پر بھی بات چیت متوقع ہے۔ اس کے علاوہ عالمی بینک کے ساتھ 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک پر عملدرآمد میں پیشرفت بھی متوقع ہے جس کے تحت ورلڈ بینک 2035 تک پاکستان کو 20 ارب ڈالر فراہم کرے گا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں