ہڑپہ، موہنجوداڑو اور مہرگڑھ کو اپنا نہ ماننا معاشرے کے بگاڑ کی وجہ بنا ، افتخار عارف

فیصل آباد : بارہواں دور روزہ فیصل آباد لٹریری فیسٹیول آرٹس کونسل فیصل آباد کے نصرت فتح علی خان آڈیٹوریم میں شروع ہو گیا۔ پہلے روز کا آغاز افتتاحی اجلاس سے ہوا جس کی صدارت افتخار عارف نے کی جبکہ مہمان خصوصی کشور ناہید، اور نور الہدی شاہ تھیں. اصغر ندیم سید نے ابتدائی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ بارہ سال پہلے شروع کئے گئے اس فیسٹیول کی وجہ سے قومی سوچ کے دھارے میں ہمارا بھی کچھ کردار ہے۔ مصدق ذوالقرنین نے کہا کہنے کہا کہ گزشتہ سال فیصل آباد لٹریری فیسٹیول نہیں ہوا تھا اور اب اس حوالے سے غور کیا جا رہا ہے کہ آئندہ بھی اس کا انعقاد ایک سال چھوڑ کر ایک سال بعد کیا جائے اور اس دوران دیگر ادبی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے۔

افتتاحی اجلاس کا پہلا کلیدی خطبہ ساجدہ حیدر وندل نے “پاکستان کا فنون لطیفہ اور تہذیبی ورثہ” کے موضوع پر پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی نوآبادیاتی دور سے پہلے برصغیر کا فنون لطیفہ اور ثقافتی ورثہ بہت رنگا رنگ تھا لیکن برطانوی راج میں مقامی فنون کو کمتر بنا کر پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا فیصل آباد کا گھنٹہ گھر برطانوی دور میں بنایا گیا جس کا مقصد مقامی آبادی کے اوپر اپنی حاکمیت کی نشانی ثبت کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی عمارتوں کو ختم کرنے کی بجائے اس کو نئی شناخت دینے کی ضرورت ہے جیسے ہم نے ملتان کے گھنٹہ گھر کو اس نظریہ کے تحت ناصرف بحال کیا بلکہ اس میں مقامی فنکاروں اور دستکاروں کے لئے نمائش کا ہال، آرکائیو میوزیم اور آرٹ ورک کی تیاری کے لئے جگہ بنائی گئی ہے۔ اس سلسلے میں نسل در نسل مقامی دستکاریاں تیار کرنے والے فنکاروں کو تلاش کر کے وہاں جگہ دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ہاں مقامی آرٹ سے متعلق لوگوں کا علم بہت محدود ہے۔ ہم نے مذہب کی بنیاد پر اسلامک آرٹ متعارف کرایا، پنجاب کے ورثے کو سکھ آرٹ کا نام دیدیا گیا۔ اگر نوآبادیاتی دور کو ڈی کالونائز کرنا ہے تو مذہب کی بنیاد پر فنون لطیفہ کی تفریق ختم کرنا ہو گی۔

حارث خلیق نے “انسانی حقوق کی بازیافت ادب میں” کے موضوع پر دوسرا کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے ایک سائنسی تحقیق کے ذریعے معلوم کیا ہے کہ چھ افراد پر مشتمل کنبے کی موجودہ ضروریات کے لحاظ سے کم از کم آمدن 77 ہزار روپے ماہانہ ہونی چاہیے اور اس وقت صرف 12 فیصد پاکستانی اس سے زیادہ ماہانہ آمدنی کے حامل ہیں جبکہ باقی 88 فیصد لیونگ ویج سے بھی محروم ہیں۔ اس طرح تین کروڑ آبادی خوشحال نظر آتی ہے اور باقی 22 کروڑ شدید غربت کا شکار ہے۔ اس طرح کے معاشی سماج میں اظہار رائے کی آزادی بھی نہیں ہے کہ کوئی اپنے ساتھ ہونے استحصال پر بھی آواز اٹھانے سے قاصر ہے۔ ایڈورڈ سعید نے دانشوروں کی نمائندگی کے موضوع پر لیکچرز دیئے تھے۔ محمود درویش اور ارون دھتی رائے جیسے لوگوں کے خیالات سے بھی ہم استفادہ کر سکتے ہیں۔ ہماری پوری ترقی پسند تحریک محنت کش طبقے کی نمائندگی کرتے رہے ہیں لیکن اب یہ تعلق کمزور ہوتا جا رہا ہے۔ ہمیں اس طبقے کی بات کرتے رہنے کی ضرورت ہے ورنہ حالات مزید ابتری کا شکار ہونے کا اندیشہ ہے۔

افتخار عارف نے کہا کہ ہڑپہ، موہنجوداڑو اور مہر گڑھ ہماری تاریخ اور تہذیب کا حصہ ہیں لیکن بدقسمتی سے ہمیں ان سے متعلق وہ آگاہی حاصل نہیں رہی جو ہونی چاہیےاسی وجہ سے ہمارا معاشرہ خراب سے خراب تر ہوتا جا رہا ہے۔ پاکستان، فلسطین اور ایران سمیت پوری دنیا کو انتشار کا سامنا ہے۔ گھر سے یہاں آنے کے لئے نکلا تو نہیں معلوم تھا کہ یہاں پہنچ سکوں گا کیونکہ راستے بند ہونے کی خبر تھی�.انہوں نے کہا کہ جو بات افسانے میں لکھی جا سکتی ہے وہ اخباری مضمون میں نہیں، جو شعر میں کہی جا سکتی ہے وہ نعرے میں نہیں، جو ناٹک میں کہی جا سکتی ہے وہ تقریر میں نہیں اور جو برسربازار کہی جا سکتی ہے وہ برسر منبر نہیں اور وہ بات کہنی پڑے گی۔ علم تک رسائی نے ہمارے لئے دنیا کے دروازے کھول دیئے ہیں مگر اصل کامیابی معلومات حاصل کرنے میں نہیں بلکہ انہیں ایک بہتر معاشرہ تشکیل دینے کے لئے استعمال کرنے میں ہے۔ آنے والی نسلوں کو صرف علم نہیں، ایک بہتر مستقبل دینا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔

نورالہدی شاہ نے کہا کہ انہیں ساجدہ وندل کی پنجابی میں گفتگو کو سن کر بہت اچھا لگا عام طور پر ہمارے دانشور پنجابی میں کم بات کرتے ہیں۔ جب ہر زبان خاموش کر دی جائے تو دانشور وہ آخری سپاہی ہوتا ہے جو آخری وقت تک کھڑا رہتا ہے اور سیز فائر کا منتظر رہتا ہے۔ پاکستان ایک کثیرالسانی معاشرہ ہے لیکن ہم ایک دوسرے کو بہت کم جانتے ہیں اور ہمارے درمیان نفرت کی دیواریں مزید بلند کی جا رہی ہیں۔ ایسے میں اس طرح کے فیسٹیول بات کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں اور یہاں دل غدار ہوا جاتا ہے۔ آج ادیب کی، شاعر کی، فنکار کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے جو اپنی بات کہ جائے چاہے کوئی سمجھے یا نہ سمجھے۔ کشور ناہید نے ایک غزل پیش کی جو گھروں میں ملازمت کرنے والے بچوں سے متعلق تھی جو کہ گھریلو تشدد کا سامنا کرتی ہیں۔

کمشنر عمران حامد شیخ نے کہا کہ کسی بھی شہر کی ترقی کا معیار اس کی عمارتیں، معاشی سرگرمیاں ہی نہیں ہوتیں بلکہ اس شہر کی علمی سرگرمیاں اور ذوق بھی اس میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور فیصل آباد لٹریری فیسٹیول اس سلسلے میں نمایاں خدمات سر انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے باغ جناح کے ٹری ٹرانسپلانٹیشن کے گزیبو میں ہر ہفتے ادبی مجلس منعقد کرنے اور لائبریریوں کی بحالی کرکے انہیں دانش گاہیں بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ سارہ حیات نے کہا کہ وہ بارہویں فیصل آباد لٹریری فیسٹیول کے شرکاء اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

پہلے روز کے پہلے سیشن میں ہائر ایجوکیشن کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر کنول امین نے کہا کہ طالبات کے لئے یونیورسٹی آنا بھی ایک طرح کی تفریح ہے اس لئے وہ تعلیم پر زیادہ توجہ دیتی ہیں تاکہ ان کے سوشل ایکسپوژر کا موقع میسر رہے۔ انہوں نےکہا کہ وہ طلبا کو بھی موٹیوٹ کرتی ہیں کیونکہ صرف لڑکیوں کی تعلیم ہی کافی نہیں ہے۔ موبائل اور کمپیوٹر کا سکرین ٹائم زیادہ ہونے کی وجہ سے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتیں متاثر ہو رہی ہیں۔ ڈاکٹر روف اعظم نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ یونیورسٹیوں کی رینکنگ بہتر ہوئی ہے اور کیو ایس رینکنگ میں اس وقت ہماری 18 یونیورسٹیاں شامل ہیں جن میں سے تین فیصل آباد کی ہیں۔ انہوں نےکہا کہ یونیورسٹیوں میں ریسرچ اچھی ہو رہی ہے البتہ اس کا کمرشل فائدہ اٹھانے کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ تعلیم ہمیشہ سے مہنگی رہی ہے اگر طلبہ پر اس کا بوجھ کم کرنا ہے تو معاشرے کو یہ بوجھ بانٹنا ہو گا۔ دوسرے سیشن کا عنوان “یادوں کے دریچے سے، عظمی گیلانی سے ملاقات” تھا جس میں وصی شاہ نے عظمی گیلانی سے ان کے فنی سفر کی یادیں تازہ کیں۔ انہوں نےکہا کہ اداکاری ایک کیفیت کا نام ہے جو آپ پر اپنے کریکٹر کے مطابق طاری ہوتی ہے اور پھر ماسٹر پیس تیار ہوتا ہے۔ انہوں نےکہا کہ آج بھی معاشرے نے ڈرامہ انڈسٹری کو قبول نہیں کیا ہے اور اس صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے ارباب اختیار کی طرف سے بھی کچھ نہیں ہو رہا ہے۔ انہوں نے اپنی کتاب میں سے کچھ اقتباسات بھی پڑھ کر سنائے۔ تیسرے سیشن کا عنوان “سر بہ تال” تھا جس میں ندیم الحسن نے اپنی کتاب “نام نہیں رکھا ابھی” کے منتخب حصے موسیقی کے پس منظر میں پڑھ کر سنائے۔ چوتھا سیشن شعری نشست پر مشتمل تھا جس کی صدارت افتخار عارف اور کشور ناہید نے کی جبکہ نظامت کے فرائض شکیل جازب نے ادا کئے۔ اس موقع پر خالد مسعود، عباس تابش، حمیدہ شاہین، مظہر ترمذی، وصی شاہ، انجم سلیمی، شاہین عباس، صائمہ آفتاب، حارث خلیق، انعام ندیم اور ابرار حسین و دیگر شعرا کرام نے اپنا کلام پیش کیا۔ فیصل آباد لٹریری فیسٹیول آج 28 نومبر بروز ہفتہ دوسرے روز بھی جاری رہے گا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں