فیصل آباد: شہر کی ادبی پہچان کو فروغ دینے والا فیصل آباد لٹریری فیسٹیول ایک سال کے وقفے کے بعد 27 اور 28 نومبر کو آرٹس کونسل فیصل آباد کے نصرت فتح علی خان آڈیٹوریم میں ہونے جا رہا ہے۔
بارہویں لٹریری فیسٹیول کے پہلے روز کا آغاز سہ پہر تین بجے افتتاحی اجلاس سے ہو گا جس کی صدارت زہرہ نگاہ کریں گی جبکہ مہمان خصوصی کشور ناہید، افتخار عارف اور نور الہدی شاہ ہوں گی۔ علاوہ ازیں ابتدائی کلمات اصغر ندیم سید جبکہ استقبالیہ کلمات مصدق ذوالقرنین ادا کریں گے۔
اس کے بعد ساجدہ حیدر وندل “پاکستان کا فنون لطیفہ اور تہذیبی ورثہ” کے موضوع پر جبکہ حارث خلیق “انسانی حقوق کی بازیافت ادب میں” کے موضوع پر کلیدی خطبہ پیش کریں گے اور اظہار تشکر سارہ حیات کی طرف سے کیا جائے گا جبکہ میزبانی کے فرائض شیبا عالم ادا کریں گی۔
پہلے روز کے پہلے سیشن کے شرکاء میں ڈاکٹر کنول امین، ڈاکٹر نظام الدین، ڈاکٹر روف اعظم اور ڈاکٹر اصغر ندیم سید شریک گفتگو ہوں گے۔
دوسرے سیشن کا عنوان “یادوں کے دریچے سے، عظمی گیلانی سے ملاقات” ہے جس کی میزبانی وصی شاہ کریں گے۔ تیسرے سیشن کے میزبان ندیم الحسن ہوں گے۔ اس سیشن میں “نام نہیں رکھا ابھی” کتاب کی رونمائی ہو گی۔
چوتھا سیشن شعری نشست پر مشتمل ہے جس کی صدارت زہرہ نگاہ اور افتخار عارف کریں گے جبکہ نظامت کے فرائض شکیل جازب کریں گے۔
اس موقع پر کشور ناہید، خالد مسعود، عباس تابش، حمیدہ شاہین، مظہر ترمذی، وصی شاہ، انجم سلیمی، شاہین عباس، صائمہ آفتاب، حارث خلیق، انعام ندیم اور ابرار حسین و دیگر شعرا کرام بھی اپنا تازہ کلام پیش کریں گے۔
فیصل آباد لٹریری فیسٹیول کے دوسرے روز پہلے سیشن کا عنوان “اردو فکشن کا تہذیبی حافظہ” ہے جس میں ڈاکٹر طاہرہ اقبال، محمد حمید شاہد، ڈاکٹر ناصر عباس اور قاضی ابوالحسن شریک گفتگو ہوں گے۔
دوسرے سیشن کا عنوان “سبھ جگ بگا تھی جاوے اساں رہنا لاکھے – پنجاب کالونی گیری تے ماں بولی” ہے جس میں زبیر احمد، ڈاکٹر خولہ چیمہ، ڈاکٹر عاصم محمود اور ڈاکٹر عرفان چوہدری شریک گفتگو ہوں گے۔
تیسرے سیشن میں حارث خلیق، ڈاکٹر اسامہ صدیق، عمار عزیز، ڈاکٹر شاہ زیب خان اور نوشین یوسف پاکستان میں معاصر انگلش شاعری اور فکشن کے موضوع پر گفتگو میں حصہ لیں گے۔
چوتھا سیشن “وہ شب و روز و ماہ سال کہاں” کے عنوان سے ہو گا جس کے شرکائے گفتگو میں زہرہ نگاہ، کشور ناہید، سلیمہ ہاشمی، نور الہدی شاہ اور شیبا عالم شامل ہوں گی۔
پانچویں سیشن میں “آنے والے دنوں کے سفیروں کے نام – پاکستان کی خارجہ پالیسی آج کے تناظر میں” کے عنوان سے ہو گا جس میں شمشاد احمد خان، جلیل عباس جیلانی اور ڈاکٹر اُسامہ صدیق گفتگو میں حصہ لیں گے۔
چھٹے سیشن میں تین کتابوں کی رونمائی ہو گی۔ ان میں ڈاکٹر طاہرہ اقبال کی کتاب “بازار کا بت” پر ڈاکٹر سمیرا اکبر، محمد حمید شاہد کی کتاب “طلسم شب و روز” پر انعام ندیم اور “سیر کر تو بھی یہ مجموعہ پریشانی کا” پر قاضی علی ابوالحسن گفتگو کریں گے۔
ساتواں سیشن معاصر پاکستانی ڈرامے سے متعلق ہے جس میں “پھر سے ان خوابوں کو سمت رہ ملے” کے موضوع پر آمنہ مفتی، بی گل، نورالحسن اور آمنہ علی شریک گفتگو ہوں گے۔
آٹھویں سیشن کا عنوان “کچھ تو ہے جس سے ہوئی جاتی ہے چلمن روشن” ہے جس میں عدیل ہاشمی کلام فیض پیش کریں گے۔
نویں سیشن کا عنوان “صدا ہوں اپنے پیار کی” ہے جس میں خواجہ نجم الحسن، فرخ بشیر، انعام ندیم اور نورالحسن ملکہ ترنم نور جہاں کے ایک صدی پر محیط فنی سفر کا احاطہ کریں گے۔
دسویں سیشن میں گلوکارہ حرا قیصر ملکہ ترنم نور جہاں کے گائے ہوئے گیت گا کر انہیں خراج تحسین پیش کریں گی۔