فیصل آباد: کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے شہر کی تاریخی شناخت کو بحال کرنے کے لئے تحصیل سٹی کا نام تبدیل کرکے لائلپور اور تحصیل صدر کا نام ساندل بار رکھنے کے لئے باضابطہ طور پر ڈسٹرکٹ کلکٹر و ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کو خط لکھ دیا ہے۔ انہوں نے خط میں تحریر کیا ہے کہ ان ناموں کی تبدیلی کو نہ صرف شہریوں کی جانب سے بے حد سراہا جائے گا بلکہ اس سے علاقے کی تاریخی شناخت بھی بحال ہو جائے گی۔ کمشنر نے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کو مقامی لوگوں اور عوامی نمائندوں کی رائے جاننے اور اس تجویز کو ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں ایجنڈے کے طور پر پیش کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ اس تجویز کو حتمی منظوری کے لیے باضابطہ طور پر مجاز اتھارٹی کو بھجوایا جا سکے۔ انہوں نے اپنے خط میں علاقے کی تاریخی ارتقائی حیثیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1896 سے 1904 تک فیصل آباد کا علاقہ ضلع جھنگ کی ایک تحصیل تھا اور اس کا نام “لائل پور” تھا جبکہ 1904 میں اسے ضلع کا درجہ دیا گیا تو تب بھی یہی نام برقرار رکھا گیا۔ اس نئے ضلع کا ہیڈ کوارٹر بھی تحصیل “لائل پور” ہی تھی۔ بعدازاں 1979 میں اس ضلع اور اس کے ہیڈ کوارٹر والی تحصیل کا نام تبدیل کر کے “فیصل آباد” رکھا گیا جسے بعد میں دو حصوں میں تقسیم کرکے تحصیل سٹی اور تحصیل صدر بنایا گیا۔ کمشنر نے نشاندہی کی ہے کہ فیصل آباد کے رہائشیوں کے دلوں میں آج بھی ان پرانے ناموں کے لیے گہری محبت موجود ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ “تحصیل سٹی” کے علاقے سے آنے والے بزرگ آج بھی اسے محبت سے ‘لائل پور’ ہی کہتے ہیں۔ اس نام کے ساتھ جذباتی لگاؤ کا اندازہ پورے شہر سے لگایا جا سکتا ہے جہاں دکانوں، تجارتی مراکز، ہوٹلوں، ریستورانوں اور تعلیمی اداروں کے ناموں میں آج بھی کثرت سے “لائل پور” کا لفظ استعمال ہوتا ہے۔ خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فیصل آباد کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا عالمی کوڈ اب بھی “LYP” ہے جو کہ لائلپور کی عکاسی کرتا ہے۔ علاوہ ازیں لائلپور شہر کے قیام سے پہلے یہ خطہ ساندل بار کے نام سے جانا جاتا تھا۔ اگر ناموں کی یہ تبدیلی عمل میں آتی ہے تو یہ فیصل آباد کے لیے ایک اہم ثقافتی سنگ میل ثابت ہو گی جس سے لائل پور کے برطانوی دور کے ورثے اور سندل بار کی قدیم مقامی شناخت دونوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے گا۔