ناقص کارکردگی اور فراڈ کے الزامات پر کیئر سروسز کنسورشیم کا ویسٹ مینجمنٹ کا معاہدہ منسوخ

فیصل آباد: فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے کیئر سروسز کنسورشیم سے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا معاہدہ ناقص کارکردگی، آپریشنل خامیوں، معاہدے کی شرائط پر پورا اترنے میں ناکامی اور ڈیجیٹل رپورٹنگ میں سنگین ہیرا پھیری کے باعث فوری طور پر منسوخ کر دیا ہے۔ کیئر کنسورشیم پر سرکاری خزانے کو بھاری مالی نقصان پہنچانے اور بدعنوانی کے الزامات کے تحت ڈائریکٹوریٹ آف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ لاہور میں پہلے ہی ایک مقدمہ درج ہے۔ تفصیلات کے مطابق کیئر سروسز کنسورشم کے ساتھ اگست 2024 میں طے پانے والے کنٹریکٹ اور جنوری 2026 میں ترمیمی معاہدے کو فوری طور پر ختم کرنے کا باقاعدہ حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 77ویں اجلاس اور پروکیورمنٹ کمیٹی کی سفارشات پر یہ کاروائی کی گئی ہے جس کے تحت نجی کمپنی کی طرف سے جمع کروائی گئی پرفارمنس گارنٹی کو فوری طور پر ضبط کر کے کیش کرانے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق متاثرہ زونز میں صفائی کے انتظامات کو برقرار رکھنے کے لیے متبادل انتظامات کیے جا رہے ہیں اور اس پر آنے والا تمام اضافی مالی بوجھ نجی کمپنی کے بقایاجات یا قانونی کارروائی کے ذریعے وصول کیا جائے گا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں