خودکشی کے واقعات میں بڑھتے ہوئے استعمال پر گندم میں رکھنے والی گولیوں کی فروخت پر پابندی عائد

فیصل آباد: خودکشی کے لئے گندم میں رکھنے والی گولیوں کے استعمال کو روکنے کے لئے فیصل آباد ڈویژن میں ایلومینیم فاسفائیڈ کی گولیاں فروخت کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ایلومینیم فاسفائیڈ ایک انتہائی زہریلی کیڑے مار دوا ہے جسے عام طور پر ذخیرہ شدہ گندم کو چوہوں اور کیڑوں سے بچانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
کمشنر عمران حامد شیخ کے مطابق اس پابندی کا فیصلہ فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کی سفارشات پر کیا گیا ہے کیونکہ خودکشی کے زیادہ تر واقعات میں یہی گولیاں بطور زہر استعمال ہوتی ہیں جو کہ میڈیکل سٹورز اور کریانہ سٹورز پر عام دستیاب ہوتی ہیں. ان کے کھانے سے دو تا تین گھنٹے کے اندر موت واقع ہو جاتی ہے اور اس کا کوئی تریاق بھی دستیاب نہیں ہے۔
کمشنر کی طرف سے پنجاب سول ایڈمنسٹریشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 15 کے تحت جاری کردہ حکم نامے کے تحت ڈیلرز، ڈسٹری بیوٹرز، پیسٹی سائیڈ سیلرز اور ریٹیلرز کے لئے ان گولیوں کو خریدنے والے کا نام، شناختی کارڈ کا نمبر، پتہ، رابطے کی تفصیلات، خریدی گئی مقدار، فروخت کی تاریخ اور مطلوبہ استعمال درج کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں ڈویژن کے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایلومینیم فاسفائیڈ کے تمام آؤٹ لیٹس کا معائنہ اور نگرانی کریں۔
واضح رہے کہ جمعہ کے روز تھانہ صدر کے علاقے گلشن رحیم کالونی میں ایک بیروزگار شخص اظہر علی نے اپنی اہلیہ سے مبینہ جھگڑے کے بعد اپنی تین کمسن بیٹیوں کو گندم میں رکھنے والی گولیاں ملا کر جوس پلانے کے بعد خود بھی یہ گولیاں نگل کر خودکشی کر لی تھی۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر بچیوں اور ان کے والد کو اسپتال منتقل کیا تھا۔ تاہم اس دوران اظہر علی دم توڑ گیا جبکہ اس کی بیٹیوں 12 سالہ دعا زہرا، 9 سالہ عریج اور 6 سالہ ایشال فاطمہ کو طبی امداد کی فراہمی سے بچا لیا گیا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں