فیصل آباد: کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے 30 ستمبر کی ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود ملت روڈ کا تعمیراتی کام مکمل نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کے افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے ملت روڈ کی بحالی کے لئے 25 اکتوبر 2026ء تک کی آخری مہلت دیتے ہوئے سب انجینئر کو کہا ہے کہ وہ دفتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں تعمیراتی کاموں کی نگرانی کرتے نظر آئیں۔ کمشنر نے نور پور چوک سے فیملی مارٹ ملت روڈ تک کے حصہ پر اضافی ورک فورس لگا کر کام مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے ایم ڈی واسا اور ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کو ملت روڈ کے تسلسل سے دورے کرکے اپنی نگرانی میں تعمیراتی عمل شفاف انداز میں مکمل کرنے کا ہدف دیا ہے۔ کمشنر نے موقع پر موجود اہل علاقہ کی نشاندہی پر نور پور سبز منڈی روڈ کا دورہ کیا اور آٹھ ماہ سے سیور پائپ بچھانے کے کام میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے سب انجینئر کو پانچ اکتوبر سے کام شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔انہوں نے شہریوں کی شکایات پر میاں پنڈ سے جھمرہ روڈ تک سڑک کی صورتحال کا بھی معائنہ کیا اور سیور لائن کا کام 15 دسمبر اور روڈ پر اسفالٹ بچھانے کے لئے 15 جنوری 2027ء تک کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے سے این او سی مل گیا ہے لہذا کام میں تیزی لائی جائے تاکہ میاں پنڈ، منصورآباد، بسم اللہ پاک، داتا پارک، نذر نیاز روڈ اور جھمرہ روڈ کے مکینوں کے مسائل کا ازالہ ہوسکے۔