ڈاکٹروں کا آمدن ظاہر کرنے اور ٹیکس دینے سے انکار، ملک گیر ہڑتال کی دھمکی

فیصل آباد : پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) فیصل آباد کے عہدیداران نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) نظام کو قبول کرنے اور اپنی آمدن پر ٹیکس دینے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران پی ایم اے رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک بھر میں نجی ہسپتالوں اور کلینکس کو مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔
پی ایم اے فیصل آباد کے صدر ڈاکٹر رائے عارف، ڈاکٹر محمد طفیل اور ڈاکٹر صولت نواز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ طبی شعبے کو ڈاکومنٹیشن اور ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے ایف بی آر کا پوائنٹ آف سیل نظام اور دیگر اقدامات انہیں قبول نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس نظام کے خلاف ملک بھر کے نجی ہسپتالوں اور کلینکس میں علامتی ہڑتال کی جا رہی ہے تاکہ حکومت پر دباؤ ڈالا جا سکے۔
اگرچہ پی ایم اے عہدیداران نے یہ مؤقف اختیار کیا کہ صحت کی سہولیات پر ٹیکس کا براہِ راست بوجھ مریضوں پر پڑے گا اور طبی اخراجات میں اضافہ ہوگا، لیکن تجزیہ کاروں کے مطابق، پوائنٹ آف سیل نظام کی مخالفت کا اصل مقصد ڈاکٹروں کی جانب سے اپنی حقیقی آمدن کو دستاویزی شکل دینے (ڈاکومنٹیشن) سے بچانا ہے۔
پی ایم اے نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے نجی کلینکس اور ہسپتالوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے پی او ایس نظام کے نفاذ پر زور دیا تو احتجاج کا دائرہ مزید بڑھایا جائے گا جس میں ملک بھر میں ہسپتالوں کی مکمل تالہ بندی کا آپشن بھی موجود ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں