ایسٹ ویسٹ سینٹر ایلومنائی ایسوسی ایشن کی طرف سے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں شجرکاری

اسلام آباد: ایسٹ ویسٹ سینٹر ایلومنائی ایسوسی ایشن (EWCA) اسلام آباد چیپٹر نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (IIUI) اور روٹری کلب اسلام آباد میٹروپولیٹن کے اشتراک سے یونیورسٹی کے فیکلٹی آف انوائرنمنٹل سائنسز کے لان میں شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا.
شجرکاری مہم میں 150 سے زائد طالبعلم شریک ہوئے اور مجموعی طور پر 100 پودے لگائے گئے جن میں 50 سایہ دار درخت روٹری کلب اسلام آباد میٹروپولیٹن نے جبکہ باقی پودے EWCA اسلام آباد چیپٹر کی جانب سے فراہم کیے گئے تھے۔
شجرکاری مہم کی قیادت ایسٹ ویسٹ سینٹر ایلومنائی ایسوسی ایشن کی صدر طیبہ گل، شعبہ ماحولیاتی علوم کے پروفیسر اور قائم مقام چیئرمین ڈاکٹر اسد غفران اور سیکریٹری جنرل فیض پراچہ نے کی۔ روٹری کلب اسلام آباد میٹروپولیٹن کے صدر میاں شوکت مسعود نے بھی شجرکاری مہم میں شرکت کی اور ایک پودا لگایا۔
ایسٹ ویسٹ سینٹر اسلام آباد چیپٹر کی صدر طیبہ گل نے ایسٹ ویسٹ سینٹر اور پاکستان کی مقامی کمیونٹیز کے درمیان روابط کے فروغ میں ایلومنائی کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایسی مشترکہ سرگرمیاں ماحول کے تحفظ کے ساتھ ساتھ مختلف اداروں اور کمیونٹیز کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا ذریعہ ہیں۔
موسمیاتی تبدیلی کے سابق وفاقی سیکریٹری اور EWCA اسلام آباد چیپٹر کے سابق صدر سید ابو احمد عاکف نے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے اور ماحول کے تحفظ کے لیے شجرکاری اور اجتماعی اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔
ای ڈبلیو سی اے اسلام آباد چیپٹر کے سیکریٹری جنرل فیض پراچہ نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد، وائس پریذیڈنٹ ہائر اسٹڈیز ڈاکٹر احمد شجاع، وائس پریذیڈنٹ ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر عبدالرشید، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن عدنان خان، ہارٹیکلچر انچارج الطاف برکی اور پروفیسر ندیم شیخ کا سرگرمی میں تعاون اور شرکت پر شکریہ ادا کیا۔
شجرکاری مہم میں EWCA اسلام آباد چیپٹر کے محمد اشرف، طاہر امین اور عمرانہ ساغر سمیت یونیورسٹی کے طلبہ اور دیگر شرکاء نے بھی حصہ لیا۔ خصوصی بچے اسد پراچہ نے بھی ایک پودا لگا کر شجرکاری مہم میں شرکت کی۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں