فیصل آباد: باغ جناح میں قائم کیا گیا پاکستان کا پہلا ”ٹری ٹرانسپلانٹیشن آرچرڈ” شہریوں کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ اس میں ابتک فیصل آباد میٹرو بس پراجیکٹ کے روٹس کی زد میں آنے والے 30 سے 60 سال پرانے 166 درخت ٹرانسپلانٹ کئے جا چکے ہیں۔ اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ماحول دوست ویژن کے تحت باغ جناح کے علاوہ کلیم شہید پارک اور اقبال پارک (دھوبی گھاٹ) گراؤنڈ میں بھی ٹری ٹرانسپلانٹیشن آرچرڈ قائم کئے جا رہے ہیں جہاں اب تک بالترتیب 59 اور 127 درخت ٹرانسپلانٹ ہو چکے ہیں۔

کمشنر نے کہا کہ میٹرو بس روٹس کی زد میں آنے والے 795 درختوں میں سے تینوں آرچرڈز میں اب تک 352 درخت ری پلانٹ کر دیئے گئے ہیں جبکہ باقی درختوں کی ٹرانسپلانٹیشن کا کام جاری ہے۔ انچارج ویمن کرکٹ پاکستان کرکٹ بورڈ رافعہ حیدر، ایڈیشنل کمشنرز قیصر عباس رند، تنویر مرتضی، افضل تارڑ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف اقبال چوہان، ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی دلاور خان، اسسٹنٹ کمشنر جنرل ڈاکٹر ذیشان ارشاد اور دیگر افسران کے علاوہ سیو دی پلانٹ تنظیم کے ارکان اور سول سوسائٹی کے اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔