فیصل آباد: یوم عاشورپر جلوسوں ومجالس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے انتظامات کوحتمی شکل دیدی گئی ہے. اس سلسلے میں جاری تفصیلات کے مطابق عاشورہ کے موقع پر ضلع بھر میں کل 153 جلوس اور 25 مجالس منعقد ہوں گی۔ مرکزی جلوس امام بارگاہ عزاخانہ شبیر سے دھوبی گھاٹ پر برآمد ہوگا۔
ان جلوسوں مجالس کی سکیورٹی کے لیے پولیس نے پان ایس پی، 28 ڈی ایس پی، 20 انسپکٹرز، 147 سب انسپکٹرز، 459 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 329 ہیڈ کانسٹیبل اور 3،899 کانسٹیبل بشمول خواتین پولیس اہلکار تعینات ہیں جبکہ ایلیٹ فورس اور ڈولفن فورس کی ٹیمیں بھی مرکزی جلوس کے ساتھ ہوں گی .
محکمہ سول ڈیفنس کی طرف سے اہم امام بارگاہوں اور جلوسوں کے راستوں پر 400 سکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں. سول ڈیفنس آفیسر رانا محمد عباس کے مطابق اہم مقامات پر 40 واک تھرو گیٹس لگائے گئے ہیں، جبکہ سیکیورٹی عملے اور رضاکاروں کو 300 میٹل ڈیٹیکٹر فراہم کیے گئے ہیں۔ جلوس کے راستوں کی تکنیکی صفائی بھی کی جائے گی اور خصوصی آلات کے ساتھ بم ڈسپوزل سکواڈ جلوس کے اختتام تک ڈیوٹی پر موجود رہے گا۔ جھال خانوآنہ سے نکلنے والے جلوس کے لیے سول ڈیفنس کے 80 کے قریب رضاکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
ہنگامی طبی امداد فراہم کرنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 نے ضلع بھر میں 700 ریسکیورز اور 100 سے زائد ریسکیو سکاؤٹس کو تعینات کیا ہے۔ جلوس کے راستوں اور امام بارگاہوں کے قریب 50 سے زائد امدادی چوکیاں قائم کی گئی ہیں۔ ایمرجنسی سروس نے 37 ایمبولینسز، 15 فائر وہیکلز، کئی ریسکیو گاڑیاں اور 120 موٹر بائیک ایمبولینسیں تعینات کی ہیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ نے کہا کہ تمام کیٹیگری-اے اور کیٹیگری-بی کے جلوسوں اور مجالس کو مکمل ریسکیو کوریج ملے گی۔ تیز رفتار ہنگامی ردعمل کو یقینی بنانے کے لیے جلوسوں کے ساتھ موبائل ریسکیو پوسٹیں ہوں گی، جبکہ اہم مقامات پر فکس ریسکیو کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔
ٹریفک پولیس نے عاشورہ کے موقع پر 12 مقامات کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے نو گو ایریاز قرار دیا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر ناصر جاوید رانا کے مطابق کلاک ٹاور (گھنٹہ گھر) اور اس کے آٹھ بازاروں کے ساتھ ساتھ چنیوٹ بازار، کچہری بازار، گمٹی چوک، جھنگ بازار، عیدگاہ چوک، کوٹھی چوک اور دیگر راستوں سمیت ملحقہ سڑکوں اور چوراہوں پر ٹریفک مکمل طور پر محدود رہے گی۔
حکام نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ انٹر سٹی سفر کے لیے متبادل راستے اور بائی پاس سڑکیں استعمال کریں۔ جھنگ روڈ سے آنے والی ٹریفک کو راجباہ روڈ، ریلوے سٹیشن چوک، کینال روڈ اور دیگر مقرر کردہ راہداریوں سے موڑ دیا جائے گا۔ مشکلات کا سامنا کرنے والے موٹر سواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کریں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جلوسوں کے راستوں پر کیمپ لگا کر پینے کا ٹھنڈا پانی، شربت اور نیاز تقسیم کی جا رہی ہے.