علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں 18 فٹ گہری سیوریج لائن کی صفائی کے دوران 4 افراد دم گھٹنے سے جاں بحق

فیصل آباد : فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں 18 فٹ گہری سیوریج لائن کی صفائی کے دوران چار افراد زہریلی گیس کے باعث دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے۔
تھانہ ٹھیکری والا کی پولیس کے مطابق جمعہ کے روز شام ساڑھے چار بج یہ اطلاع موصول ہوئی کہ نیشنل لاجسٹکس سیل (این ایل سی) کے سب کنٹریکٹر حاجی تبسم خان کنسٹرکشن کمپنی لکی مروت کا عملہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی گیٹ سے گرین کراکری کی طرف چلنے والی ایک مین سیوریج لائن میں صفائی کے دوران دم گھٹنے سے بیہوش ہو گیا ہے جس پر اے ایس آئی مظہر اقبال اور دیگر پولیس اہلکار موبائل وین میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق دو افراد جن کی شناخت رفعت اللہ خان اور کفایت اللہ خان کے نام سے ہوئی ہے اور جو کہ لکی مروت کے رہائشی ہیں 18 فٹ گہری سیوریج لائن کی صفائی کر رہے تھے۔
اس دوران پائپ لائن میں زہریلی گیسوں کے جمع ہونے کی وجہ سے ایک کارکن فوری بیہوش ہو گیا اور اس کی بگڑتی حالت دیکھ کر دوسرے کارکن نے مدد کے لئے آوازیں دینا شروع کر دیں۔
اس کی آوازیں سن کر این ایل سی کا سب کنٹریکٹر دلاور خان اپنے ڈرائیور کے ساتھ مین ہول میں اترا لیکن وہ دونوں بھی زہریلی گیس کے باعث گہرے سیوریج لائن کے اندر دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے۔ بعدازاں ریسکیو 1122 کے عملے نے چاروں افراد کی نعشوں کو سیوریج لائن سے نکال کر الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا۔
دریں اثناء فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اس حادثے کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لئے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔
کمیٹی کا کنوینئر فیڈمک کے جنرل منیجر انجینرئنگ کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ دیگر اراکین میں اسٹنٹ کمشنر سٹی/ریونیو، ڈی او انڈسٹریز، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اور اسٹنٹ مینجر سائٹ شامل ہیں۔ فیڈمک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کمیٹی کو سات دنوں کے اندر حتمی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں