لاہور: پنجاب میں ملک کی تاریخ کے پہلے ماحول دوست گرین پولیسنگ یونٹ کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے گرین پولیسنگ یونٹ کی الیکٹرک پٹرولنگ گاڑی کو خود ڈرائیو کرکے پنجاب میں ماحول دوست پولیس پیٹرولنگ سروس کا افتتاح کیا۔ لاہور کے گرین پولیسنگ یونٹ کو 103 جدید ترین ماحول دوست بی وائی ڈی الیکٹرک گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں جن کی رینج 410 کلومیٹر فی چارج ہے۔ یہ الیکٹرک گاڑیاں 30 سے 80 فیصد تک تقریباً 30 منٹ میں تیزی سے چارج ہو جاتی ہیں اور ان میں سرویلنس کا جدید پی اے سسٹم، پولیس لائٹس، 360 ڈگری کیمرہ اور سپیڈ ڈیٹیکشن آلات بھی نصب ہیں۔ اس سلسلے میں مجموعی طور پر 103 گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں جو ماہانہ 28 ہزار لیٹر ایندھن کی بچت کریں گی اور سالانہ فی گاڑی تقریباً 4,500 لیٹر ایندھن کی بچت ہوگی جبکہ آپریشنل لاگت میں کمی اور زیرو کاربن اخراج کے فوائد اس کے علاوہ ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے گرین پولیسنگ یونٹ کے لئے الیکٹرک گاڑیوں کو بتدریج بڑھانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ گرین پولیسنگ یونٹ کو مرحلہ وار دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔
