لائلپور پنجابی سلیکھ میلہ کل شروع ہو گا:ادیب، دانشور اور اہم شخصیات شریک ہوں گی

فیصل آباد : تین روزہ 11واں لائلپور پنجابی سلیکھ میلہ کل پانچ اپریل سے شروع ہو رہا ہے جس میں ادیب، دانشور اور اہم شخصیات شریک ہوں گی۔ میلے کے پہلے روز کی صدارت دی ٹرسٹ فار ہسٹری، آرٹ اینڈ آرکیٹیکچر آف پاکستان (تھاپ) کے چیئرمین پرویز وندل کریں گے جبکہ خطبہ استقبالیہ توحید احمد چٹھہ پیش کریں گے۔ میلے کا آغاز تیمور افغانی کی ہیر گائیکی سے ہو گا جس کے بعد “پتناں دی تارو” کے عنوان سے شائع ہونے والی کتاب کی تقریب رونمائی ہو گی جس میں عبدالعزیز ملک اور ثمینہ اسما شریک گفتگو ہوں گے۔ اس کے بعد “امن دی ویل” کے عنوان سے سیشن ہو گا جس میں ڈاکٹر یعقوب بنگش، نین سکھ، اقبال قیصر اور ڈاکٹر امداد حسین کے مابین گفتگو ہو گی۔ لائلپور پنجابی سلیکھ میلے کے دوسرے روز پہلے سیشن میں “فاسٹ فیشن تے واتا ورن” کے موضوع پر عبدالرحمن، ڈاکٹر شوانہ خلیل اور پروفیسر ساجدہ وندل شریک گفتگو ہوں گے۔ دوسرے سیشن میں “سکولاں دے پنجابی سلیبس دی اساری” کے موضوع پر پرویز وندل، اقبال حیدر بٹ، مزمل مجید، ظہیر بھٹی اور احتشام کاظم میں گفتگو ہو گی۔ تیسرے سیشن میں “ویڈیو ڈاکومنٹری” کے موضوع پر اکرم جھلا اور عبدالعزیز ملک کے مابین گفتگو ہو گی۔ لائلپور پنجابی سلیکھ میلے کے تیسرے روز پہلے سیشن میں “اجوکا پنجابی سلیکھ” کے موضوع پر نصیر احمد، زبیر احمد، نین سکھ اور چاند شکیل شریک گفتگو ہوں گے۔ دوسرے اور آخری سیشن میں “پنجابی بولی دی تحریک تے سیاست” کے موضوع پر ظہیر وٹو، میاں آصف، احمد رضا، عامر ریاض اور توحید چٹھہ گفتگو میں حصہ لیں گے۔ حکومت کی طرف سے پیٹرول کے استعمال کو کم سے کم رکھنے کی پالیسی کے تحت اس سال لائلپور پنجابی سلیکھ میلہ آن لائن ہو گا اور اسے یوٹیوب یا فیس بک پر دیکھا جا سکے گا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں