فیصل آباد: آبی وفضائی آلودگی کا موجب بننے والی صنتعوں کی شہری حدود سے باہر منتقلی کے لئے ڈویژنل انتظامیہ اور مختلف انڈسٹریز سے متعلقہ سٹیک ہولڈرز نے باقاعدہ مفاہمتی یاداشت پر دستخط کردیئے ہیں۔ اس ضمن میں تقریب کمشنر آفس میں ہوئی جس میں کمشنر راجہ جہانگیر انور،صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس فاروق یوسف شیخ،چیئرمین آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن باؤ محمد اکرم،سینئر وائس چیئرمین پاکستان ہوزری مینوفیکچرز اینڈایکسپورٹرز ایسوسی ایشن احمد افضل اعوان، چیف ایگزیکٹو فیصل آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹریز ،چیئرمین آل پاکستان ٹیکسٹائل اینڈ سائزنگ انڈسڑیز ایسوسی ایشن شکیل احمد انصاری اور چیئرمین کونسل آف پاور لومز آنرزایسوسی ایشن وحید خالق رامے نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضی،ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسڑیز محمد عرفان،ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات عثمان اظہر،ڈائریکٹر لیبر رائے یاسین اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں آبی وفضائی آلودگی کا موجب بننے والی 111فیکٹریوں کو صنعتی زونز میں منتقلی کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے کے حوالے سے آج فیصل آباد کی تاریخ کا یادگار دن ہے۔ کمشنر نے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی سربراہی میں قائم انڈسٹریل ری لوکیشن سب کمیٹی کی ورکنگ کو سراہا اور کہا کہ صنعتکاروں وتاجروں نے ڈویژنل انتظامیہ کی تحریک پر انڈسٹری کی منتقلی میں رضامندی کا اظہار کیا جس پر ان کے مشکور ہیں۔کمشنر نے کہا کہ انڈسٹریل زونز کے لئے اراضی،ڈویلپمنٹ چارجز کے لئے فنڈز، شفٹنگ پر ٹیکس بریک،آسان قرضہ جات ودیگر اقدامات میں بھی تیزی لائی جائے گی اورحکومت پاکستان اور حکومت پنجاب کو ایم او یو سمیت چارٹر آف ڈیمانڈ جلد بھجوا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے انڈسٹریز ری لوکیشن کے سلسلے میں بھرپور معاونت اور صنعتی زونز کے قیام کے لئے آمادگی کا اظہار کیا ہے۔صدر چیمبر آف کامرس ودیگر سٹیک ہولڈرز نے ڈویژنل انتظامیہ کی قیادت میں شہری حدود سے آبی وفضائی آلودگی کا باعث بننے والی صنعتوں کی منتقلی کا کام پایہ تکمیل تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام موجودہ اور آنے والی نسلوں کو صاف ستھرا،آلودگی سے پاک ماحول فراہم کرے گا۔
