فیصل آباد: فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) نے اکنامک زونز میں سالہا سال سے خالی پڑے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کینسل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیڈمک کی چیف ایگزیکٹو آفیسر قراۃ العین میمن نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صنعتکاروں نے دس دس سال سے پلاٹ خرید کر رکھے ہوئے ہیں لیکن وہاں ایک اینٹ بھی نہیں لگائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے غیر سنجیدہ افراد کے پلاٹ منسوخ کر کے ایسی کمپنیوں کو الاٹ کئے جائیں گے جو وہاں فوری تعمیرات کر کے پیداواری عمل شروع کرنے میں سنجیدہ ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو روزگار ملے سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیشل انوسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کے ذریعے کروائے گئے سروے میں ایسے خالی پلاٹوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے جہاں ابھی بنیادیں بھی نہیں رکھی گئی ہیں۔
فیڈمک چیف نے مزید کہا کہ اکنامک زونز کی جلد آبادکاری کیلئے انتظامی اصلاحات مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ 113 ایکڑ پر جدید بانڈڈ وئیر ہاؤس اور چینی کمپنیوں کیلئے کمیونٹی سنٹر تعمیر کرنے کا کیس منظوری کے لئے وفاقی کابینہ کو بھیجا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ”ای بز“ کے ذریعے فیڈمک کے پورے نظام کو آن لائن کر دیا گیا ہے تاکہ مختلف منظوریوں کے مراحل کو دنوں کی بجائے گھنٹوں میں مکمل کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اکنامک زونز میں کام کرنے والے مزدوروں کیلئے ملحقہ علاقوں میں لیبر کالونیاں تعمیر کرنے کے علاوہ ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے الیکٹر ک بسیں اور مسافر ریل گاڑی کے علاوہ کارگو ٹرین چلانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں صنعتی علاقے کے اندر ریلوے کا پلیٹ فارم تعمیر کیا جائے گا جہاں ریلوے اور کسٹمز حکام اپنی اپنی متعلقہ سہولیات فراہم کریں گے۔ قبل ازیں فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ فیڈمک کے تحت 50 ایکڑ پر ایکسپو سنٹر کی تعمیر جلد شروع کی جائے۔ انہوں نے بروقت تعمیر نہ کرنے والوں کے پلاٹ منسوخ کرنے کے حوالے سے کہا کہ جو الاٹی جلد تعمیر کرنے کی یقین دہانی کروائیں اُن سے نرم رویہ اختیار کیا جائے اور انہیں تعمیر ات کیلئے اضافی مدت کی سہولت دی جائے۔