لائلپور میوزیم میں 1896ء کے تحصیل آفس کے تاریخی نوادارت پر مشتمل کارنر قائم

فیصل آباد: لائلپور میوزیم کی پہلی گیلری میں 1896ء کے تحصیل لائلپور آفس کے تاریخی نوادرات پر مشتمل کارنر قائم کیا گیا ہے۔ اس کارنر میں تحصیل کے پہلے کلونائزیشن آفیسر کیپٹن پوفم ینگ کے زیر استعمال دفتری اشیاء رکھی گئی ہیں۔ کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے سری لنکن ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل فریڈ سینی وائی ریتھنی اور ان کے وفد کے ہمراہ اس تاریخی کارنر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سری لنکن ہائی کمشنر کو کارنر کی تزئین و آرائش اور تاریخی پس منظر پر بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے تاریخی دفتری اشیاء دیکھیں اور اس اقدام کو سراہتے ہوئے میوزیم کا دوبارہ تفصیلی دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کمشنر نے انہیں گھنٹہ گھر کا تاریخی ماڈل بھی پیش کیا۔ کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا کہ تاریخی کارنر کے قیام کا مقصد شہریوں، بالخصوص نوجوانوں کو فیصل آباد کی تاریخ، ثقافت اور 1896ء کے دفتری نظام سے آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن پوفم ینگ اور سر گنگا رام نے گھنٹہ گھر، آٹھ بازاروں اور ملحقہ آبادیوں کا نقشہ تیار کیا تھا جو کہ آج بھی دنیا بھر اس شہر کی منفرد شناخت کا ذریعہ ہیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں