فیصل آباد: کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے شہر کے پہلے “الیکٹرک بیٹری سوئیپنگ چارجنگ اسٹیشن” کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس چارجنگ اسٹیشن سے الیکٹرک بائیک چلانے والے شہری صرف ایک منٹ میں خالی بیٹری کے بدلے مکمل چارج شدہ بیٹری حاصل کر سکیں گے. اس منصوبے کے تحت دسمبر 2026 تک شہر میں مزید 50 چارجنگ کیبنٹ نصب کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ فیصل آباد اربن ٹرانسپورٹ ویلفیئر سوسائٹی کے پٹرول پمپ پر قائم کئے گئے پہلے چارج اسٹیشن پر ابتدائی طور پر 24 الیکٹرک بیٹریاں چارج کرنے کے لئے دو چارجنگ کیبنٹ نصب کرنے کے علاوہ پانچ الیکٹرک بائیکس بھی فراہم کی گئی ہیں۔

اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا کہ یہ سروس حاصل کرنے کے خواہشمند صارفین E-Swap ایپ گوگل پلے اسٹور یا ایپل ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کرکے اپنی بنیادی معلومات، شناختی کارڈ، رہائشی پتہ وغیرہ درج کریں گے. اس کے بعد انہیں کوائف کی تصدیق ہونے اور درخواست منظور ہونے پر جاز کیش، ایزی پیسہ یا بینک ایپ کے ذریعے آن لائن سبسکرپشن ادا کرنی ہو گی. سبسکرپشن فیس ادا کرنے والے صارفین کو بائیک، بیٹری اور تمام سوئپنگ اسٹیشنز سے استفادہ کرنے کی سہولت حاصل ہو گی۔ کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ کے مطابق اس منصوبے کا بنیادی مقصد فضائی آلودگی میں کمی لانا اور عوام کو جدید، سستی اور ماحول دوست سفری سہولت مہیا کرنا ہے. اس موقع پر جنرل مینجر ای سویپ کمپنی مسٹرایوجن کیوای Mr.Eugene Qi انچارج E-Swap انفراسٹرکچر محمد معظم کے علاوہ ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری، ایڈیشنل کمشنرز تنویر مرتضی، افضل تارڑ، سی او میونسپل کارپوریشن عثمان غنی، ایڈیڈمنسٹریٹر فٹس راحت علی و دیگر بھی موجود تھے۔