فیصل آباد: زرعی یونیورسٹی اور فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے میونسپل ویسٹ کو صاف توانائی، نامیاتی کھاد اور دیگر مفید مصنوعات میں تبدیل کرنے کے لیے ”ویسٹ ٹو ویلیو” منصوبے پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے ایف ڈبلیو ایم سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عابد حسین بھٹی سے ملاقات میں کچرے کو ماحولیاتی مسئلے کے بجائے معاشی اور زرعی وسائل میں تبدیل کرنے کے لیے ایک عملی اور پائیدار نظام وضع کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ کچرے کو صاف توانائی اور نامیاتی کھاد میں تبدیل کرنے سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی، زمین کی زرخیزی میں اضافہ اور پائیدار زراعت کے فروغ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مقامی سطح پر کم لاگت، مؤثر اور قابلِ توسیع ٹیکنالوجیز تیار کی جائیں جنہیں دیگر شہروں اور علاقوں میں بھی کامیابی سے اپنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈبلیو ایم سی کے ساتھ اشتراک سے محققین کو حقیقی میونسپل ویسٹ پر تحقیق اور پائیدار ٹیکنالوجیز کی آزمائش کا موقع ملے گا۔ ایف ڈبلیو ایم سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عابد حسین بھٹی نے کہا کہ کمپنی یونیورسٹی کی سائنسی و تکنیکی مہارت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ویسٹ مینجمنٹ کے لیے پائیدار حل تیار کرنا چاہتی ہے۔