فیصل آباد: امریکی قونصل جنرل لاہور سٹیٹسن سینڈرز (Stetson Sanders) اور امریکی قونصلیٹ کی پبلک ڈپلومیسی آفیسر راکیل جے کنگ (Raquel J. King) نے جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے لنکن کارنر اور بزنس انکیوبیشن سینٹر کا دورہ کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤفِ اعظم نے انہیں یونیورسٹی کی تعلیمی، کاروباری اور بین الثقافتی روابط کے فروغ کے لیے کاوشوں سے آگاہ کیا۔ بزنس انکیوبیشن سینٹر میں امریکی قونصل جنرل نے طلبہ اور نوجوان کاروباری افراد کی جانب سے تیار کردہ مقامی مصنوعات اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی منصوبوں کے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے نامیاتی خوراک، ہاتھوں سے بنی اشیاء اور آئی ٹی پر مبنی پروجیکٹ کے حوالے سے نوجوانوں سے گفتگو کی اور ان کے کام کو سراہا۔ لنکن کارنر میں امریکی قونصل جنرل نے طلبہ کے ساتھ نشست کے موقع پر انہوں نے لنکن کارنر کو پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلیمی اور ثقافتی روابط مضبوط بنانے کا ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے کہا کہ تبادلہ پروگرامز، تعلیمی اشتراک اور وسائل کی فراہمی طلبہ کو روشن مستقبل کے لیے ضروری مہارتیں فراہم کر رہی ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤفِ اعظم نے کہا کہ لنکن کارنر طلبہ کو جدید مہارتوں اور وسائل سے آراستہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور جی سی یونیورسٹی فیصل آباد اس سہولت کو طلبہ و اساتذہ کی تربیت، تعلیمی مواقع کے فروغ اور نوجوانوں کی عالمی سطح پر نمائش کے لیے بھرپور طور پر استعمال کرے گا۔
