فیصل آباد: زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے انڈسٹری کے اشتراک سے تحقیق پر مبنی مصنوعات کی تجارتی بنیادوں پر تیاری کے ذریعے کامیاب کاروباری منصوبے تشکیل دینے کے لئے یونیورسٹی ریسرچ اینڈ انوویشن اینڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ یہ فیصلہ یونیورسٹی کے آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اس فنڈ کے ذریعے پروٹو ٹائپ کی تیاری، ٹیکنالوجی کی جانچ، دانشورانہ املاک (انٹیلیکچوئل پراپرٹی) کے تحفظ، مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) کے ذریعے صنعتی تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ تجارتی سرگرمیوں میں معاونت فراہم کی جائے گی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کے مطابق یہ اقدام علم پر مبنی معیشت کے فروغ، فوڈ سکیورٹی اور انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا اور اس سے یونیورسٹی کی انٹرنیشنل رینکنگ اور ساکھ میں بھی بہتری آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ فنڈ نئی اختراعات کے لیے پائیدار مالی اعانت فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو کہ طویل المدت پائیداری کو یقینی بناتے ہوئے دوبارہ سرمایہ کاری پر مبنی ترقی کے اصولوں پر کام کرے گا۔
اس سلسلے میں ہونے والے اجلاس میں ترقی پسند کسان سپنا کویتا اوبرائے، فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ، انجینئر جاوید سلیم قریشی، ڈین فیکلٹی آف سائنسز ڈاکٹر عامر جمیل، ڈائریکٹر او آر آئی سی ڈاکٹر سلطان حبیب اللہ، ڈائریکٹر بزنس انکیوبیشن سینٹر ڈاکٹر حماد بدر، رجسٹرار ڈاکٹر آصف کامران، ڈاکٹر خرم ضیاء سمیت ماہرین اور انڈسٹری کے نمائندے بھی شریک تھے۔ انہوں نے یونیورسٹی کے اس اقدام کو تحقیق کے ذریعے انڈسٹری کو درپیش مسائل کا حل پیش کرکے اکیڈمیا اور انڈسٹری میں شراکت داری کو مظبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ریسرچ کمرشلائزیشن کے ذریعے ادارے کے مالی استحکام کے لئے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔