نیشنل انکیوبیشن سینٹر فیصل آباد میں”وائب کوڈنگ ایپ ڈیویلپمنٹ” کے موضوع پر تربیتی سیشن کا انعقاد

فیصل آباد: نیشنل انکیوبیشن سینٹر (این آئی سی) فیصل آباد میں انڈس اے آئی ویک 2026 کے اشتراک سے “وائب کوڈنگ ایپ ڈیویلپمنٹ” کے عنوان سے ایک تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ تربیتی سیشن میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ، پروفیشنلز اور اسٹارٹ اپ فاونڈرز نے مصنوعی ذہانت پر مبنی ایپلی کیشن ڈیویلپمنٹ کا تجربہ حاصل کیا۔ تربیتی سیشن کے انسٹرکٹر سائبرجین (CyberGen) کے چیف اے آئی آفیسر اور ڈائریکٹر حماد ارمغان تھے جو کہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ محقق، کاروباری شخصیت اور ماہرِ تعلیم ہیں۔ وہ مصنوعی ذہانت اور پاور سسٹمز کے امتزاج پر کام کر رہے ہیں اور بڑے لینگویج ماڈلز، نان لائنئر کنٹرول، قابلِ تجدید توانائی کے انضمام اور صنعتی سطح پر اے آئی حکمتِ عملی میں مہارت رکھتے ہیں۔ انہوں نے شرکاء کو وائب کوڈنگ کے عملی استعمال سے روشناس کروایا اور یہ سکھایا کہ کس طرح اے آئی ٹولز کو مؤثر اور فعال ایپلی کیشنز میں ضم کیا جا سکتا ہے۔ حماد ارمغان 32 تحقیقی مقالہ جات کے مصنف ہیں اور اس وقت نیشنل نیچرل سائنس فاؤنڈیشن آف چائنا کے گرانٹ منصوبے کے پرنسپل انویسٹی گیٹر جبکہ سعودی وزارت کے گرانٹ کے شریک پرنسپل انویسٹی گیٹر کے طور پر بھی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ انہیں چینی حکومت کا آؤٹ اسٹینڈنگ انٹرنیشنل اسٹوڈنٹ ایوارڈ اور ایکسیلنٹ پوسٹ ڈاکٹریل ایوارڈ بھی مل چکا ہے کہ جو تحقیق اور جدت کے میدان میں ان کی نمایاں خدمات کا اعتراف ہے۔ انڈس اے آئی ویک 2026 کے ساتھ اشتراک نے نیشنل انکوبیشن سنٹر فیصل آباد کے مصنوعی ذہانت کی تعلیم و آگاہی کو فروغ دینے، جدت کو تیز کرنے اور پاکستان میں ٹیکنالوجی پر مبنی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے مشترکہ عزم کو مزید مضبوط کیا۔ اس تقریب نے نہ صرف شرکاء کی تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ کیا بلکہ انہیں اے آئی کے بدلتے ہوئے منظرنامے میں نئے مواقع تلاش کرنے کی ترغیب بھی دی۔تقریب کے اختتام پر شرکاء کو اپنی تعلیمی اور کاروباری منصوبہ بندی میں مصنوعی ذہانت کو شامل کرنے کی عملی مشق بھی کروائی گئی۔ واضح رہے کہ نیشنل انکیوبیشن سینٹر فیصل آباد وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے تحت کام کرتا ہے اور اسے اگنائٹ نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ کی مالی معاونت حاصل ہے۔ اسٹریٹجک شراکت داریوں، صنعتی روابط اور مہارتوں کی ترقی کے پروگراموں کے ذریعے این آئی سی فیصل آباد خطے میں ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کو نکھارنے اور مضبوط ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں