زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ٹیچنگ ریسرچ کمپیوٹنگ فیسیلیٹی کا افتتاح

فیصل آباد: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خاں نے کہا ہے کہ زرعی سائنسدانوں کو غذائی استحکام کو یقینی بنانے اور دورحاضر کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے ٹھوس تحقیقی امور اور زیادہ پیداواریت کے حامل بیجوں کی تیاری عمل میں لانا ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے دورے کے دوران ٹیچنگ ریسرچ کمپیوٹنگ فیسیلیٹی کا افتتاح اور نیوسینٹ ہال میں فیکلٹی ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی کیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے زرعی یونیورسٹی کو ایک ہزار کمپیوٹر دینا قابل تحسین عمل ہے جو کہ تعلیم اور تحقیق میں بہتری لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے ٹی ٹی گلوبل فاؤنڈیشن کے سی ای او فیصل شہزاد اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی کی تعلیم دوست کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود ہمیں ہر سال اربوں روپے کی زرعی اجناس درآمد کرنا پڑتی ہے جو کہ ہمارے لئے لمحہ فکریہ سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران کی جنگ میں پاکستان کی حکومت اور افواج نے جس طرح سے ثالثی کا کردار ادا کیا ہے اس کا اعتراف پوری دنیا میں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کی وجہ سے اس خطے میں امن قائم ہوا اور اب پورا عالم وطن عزیز کو خراج تحسین پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈمارشل عاصم منیر کی قابل قدر خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ امن کے بعد پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری بڑھے گی اور ترقی کی نئی راہیں متعین ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی تعلیمی و تحقیقی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی یہ ادارہ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالقفار علی نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کے 48سائنسدانوں کا شمار دنیا کے ٹاپ ٹوپرسنٹ میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے اپنی عالمی تعلیمی ساکھ کو مزید مضبوط کرتے ہوئے کیوایس رینکنگ کے مطابق زراعت اور جنگلات کے شعبے میں 33 ویں پوزیشن حاصل کی ہے اور یہ ملکی سطح پر وہ واحد ادارہ ہے جو اس شعبے میں دنیا کے ٹاپ 100 اداروں میں شامل ہے۔ اسی طرح ویٹرنری سائنس میں 61 ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ انہوں نے گورنر پنجاب اور حکومتی علم دوست پالیسیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دورحاضر میں کسی بھی شعبے میں ترقی کے لئے ڈیجیٹیلائزیشن ایک اہم ضرورت بن چکا ہے اور ہم ٹی ٹی گلوبل فاؤنڈیشن کے ڈیجیٹیلائزیشن کے حوالے سے زرعی یونیورسٹی کو معاونت پر مشکور ہیں۔ انہوں نے اس حوالے سے چیئرمین انٹومالوجی ڈاکٹر وسیم اکرم کی خدمات کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں سٹوڈنٹ ٹیچر ریشو میں بہتری لانے کے لئے اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں