پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سکول ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 72 سکولوں کی ٹیموں کو ہاکی کٹس فراہم

فیصل آباد: پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سکول ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت فیصل آباد ڈویژن کے 72 سکولوں کی ٹیموں کے طلبا و طالبات میں ہاکی کٹس تقسیم کرنے کی تقریب ہاکی سٹیڈیم فیصل آباد میں ہوئی۔
ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی اور رکن صوبائی اسمبلی رانا احمد شہریار نے کھلاڑیوں میں ہاکی کٹس تقسیم کیں۔
صدر ہاکی فیڈریشن غلام محی الدین وانی نے کہا کہ ملک بھر میں 800 سے زائد سکولوں میں جدید ہاکی کٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پروگرام میں نرسری لیول سے انڈر 15 کھلاڑیوں کی تیاری پر توجہ دی جا رہی ہے جبکہ اس اقدام میں 50 فیصد لڑکیوں کی شمولیت بھی یقینی بنائی گئی ہے جس سے آئندہ ایک سے دو سال میں ہاکی کے میدان میں مثبت تبدیلی نظر آئے گی۔
اس موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ فیصل آباد ہاکی سٹیڈیم میں نئی آسٹرو ٹرف بھی جلد بچھائی جائے گی اور آئندہ چھ ماہ میں گراؤنڈ کو فعال کر دیا جائے گا۔
رانا شہریار نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن کے سکولوں کے مابین ہاکی مقابلے منعقد کرکے نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کو اسلام آباد میں منعقدہ ایونٹس میں شرکت کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پورے پاکستان کے لئے پورٹل قائم کیا گیا ہے جہاں کھیلوں بالخصوص ہاکی سے متعلق ضروریات کے لئے میرٹ پر درخواستیں دی جا سکتی ہیں۔
اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن قیصرعباس رند، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عادل عمر، ڈویژنل سپورٹس آفیسر ندیم قیصر، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ساجدہ لطیف سمیت مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں