فیصل آباد: کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے تھانہ گلبرگ کے کانسٹیبل کو منشیات کی سپلائی کرتے ہوئے گرفتار رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ابتدائی انکوائری میں ایس ایچ او سمیت تھانے کے مزید پانچ اہلکار بھی قصور وار نکلے۔ گرفتار ملزم اور ایس ایچ او سمیت 6 پولیس ملازمین کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے کارروائی کرتے ہوئے تھانہ گلبرگ کے کانسٹیبل ڈرائیور کاشف سے 4 کلو گرام کے پانچ پیکٹ چرس برآمد کرلی۔ کانسٹیبل کاشف نیلی بتی والی گاڑی میں منشیات سپلائی کے لیے جاتے ہوئے پکڑا گیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز کی ابتدائی انکوائری میں ایس ایچ او تھانہ گلبرگ انسپکٹر عبدالغفار سمیت مزید پانچ اہلکار قصور وار پائے گئے۔ جس پر ایس ایچ او عبدالغفار، محرر ترسیم ، سب انسپکٹر محمد علی، اے ایس آئی سہیل اور کانسٹیبلان محبوب اور کاشف نوکری سے برخاست کر دیا گیا۔ سی پی او کے مطابق معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ مکمل انکوائری کے بعد ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔