فیصل آباد: گارمنٹس شاپ پر کام کرنے والی سیلز گرل پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ملزم حامد کو گرفتار کر لیا۔ متاثرہ سیلز گرل کی پولیس حراست میں ملزم کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ پولیس رپورٹ کے مطابق جڑانوالہ روڈ پر واقعہ کو ہ نور پلازہ میں ایک لیڈیز گارمنٹس شاپ میں سیلز گرل مبرا کام میں مصروف تھی کہ ایک شخص حامد دکان میں داخل ہوا جسے سیلز گرل نے بتایا کہ دکان میں مردوں کا داخلہ ممنوع ہے جس پر اس نے سیلز گرل کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے زمین پر پٹخ دیا۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شناخت کر کے گرفتار کر لیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کی جانب سے ملزم کو حراست میں لینے کے بعد تھانے میں متاثرہ لڑکی کی ملزم کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب ملزم کو تھانے لایا گیا تو متاثرہ لڑکی وہاں موجود تھی اور اس نے ملزم کو تھپڑ مار کر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔