امریکہ کے پانچ رکنی وفد کا سرمایہ کاری کے نئے مواقوں کی تلاش میں فیصل آباد کا دورہ

فیصل آباد: کاروباری دنیا میں جو کمپنیاں اپنے ملازمین کے حقوق کا خیال رکھتی ہیں اُن کا منافع دوسری کمپنیوں سے 33 فیصد تک زیادہ ہوتا ہے جبکہ ملازمین کو برقرار رکھنے کی شرح بھی 44 فیصد اور صارفین کا اعتماد 56 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار فیصل آباد کا دورہ کرنے والے امریکی سرمایہ کاروں گریگوری جان اور کیون وین اسٹارک نے کیا ہے وہ پانچ رکنی وفد کے ہمراہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر صنعتکاروں اور تاجروں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے موجود نئے مواقعوں کا جائزہ لینے کیلئے آئے ہیں اور اس سلسلہ میں دوبارہ بھی فیصل آباد آئیں گے تاکہ مقامی صنعتکاروں سے آئیڈیاز شیئر کرنے کے بعد پائلٹ پراجیکٹس شروع کرنے کے امکانات کا جائزہ لے سکیں۔
انہوں نے ایوب زرعی ترقیاتی ادارہ کی مختلف تخلیقات اور ٹیکنالوجیز کو سراہا اور کہا کہ اِن میں سے 700 کے لگ بھگ ٹیکنالوجیز کی کمرشلائزیشن ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ اُن کا تعلق زراعت سے ہے مگر وہ اس سے ہٹ کے دیگر شعبوں میں بھی تعاون اور سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عارف احسان ملک نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تجارت کا حجم 11.5ارب ڈالر ہے جسے امر یکی سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے ذریعے مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے بھٹوں کی صنعت کو جدید بنانے کے علاوہ زرعی پیداوار میں ویلیو ایڈیشن، پاور لومز کی ترقی، مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ پر بھی زور دیا اور کہا کہ فیصل آباد چیمبر امریکہ کی کاروباری برادری کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہے اور اس سلسلہ میں امریکی وفد کا دوبارہ خیر مقدم کر کے انہیں خوشی ہو گی۔
عارف احسان ملک نے کہا کہ بھٹوں میں مبینہ جبری مشقت کے خاتمے کو میکانائزیشن اور آٹو میشن کے ذریعے ختم کیا جا سکتا ہے جبکہ اس مقصد کیلئے چیمبر کی سطح پر عملدرآمد کیلئے کمیٹی بھی قائم کی جا سکتی ہے۔
پاکستانی نژاد امریکی مقصود علی نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی سرمایہ کاری کیلئے مکمل محفوظ ہے تاہم اس کے بارے میں منفی تاثر کو زائل کرنے کی ضرورت ہے۔
سوا ل و جواب کی نشست میں چوہدری محمد نواز، شبیر حسین چاولہ، محمد اظہر چوہدری، حنین حامد، فیصل نعیم پراچہ اور محمد تیمور شریف نے حصہ لیا جبکہ سینئر نائب صدر میاں محمد سعید نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
صدر عارف احسان ملک نے مسٹر گریگوری جان اور مسٹر جیفرے سمیت وفد کے دیگر ارکان کو فیصل آباد چیمبر کی اعزازی شیلڈیں پیش کیں۔
اس موقع پر نائب صدر محمد یٰسین،مزمل سلطان، عمر فاروق کاہلوں، شیخ محمد فاضل، محمد آصف، محمد یوسف، عمران لطیف اور سینئر ایڈوائز ر سٹرٹیجک نیٹ ورکنگ محمد اختر اقبال بھی موجود تھے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں