پنجابی ادب کا سب سے بڑا فکشن ایوارڈ “ڈاھاں پرائز 2026” جیتنے والے ناول “پرچھاواں” کا تعارف

سب سے پہلے اس بات کا احساس کہ وڈے پنڈ کی ثقافت پر، پرچھاواں پڑ گیا ہے، حاجی کھسرے کو ہوا۔ جب حاجی کھسرا اپنی گھنگھرو باندھ کر ناچنے والی پونم، ڈھولکی والے کالو اور ہارمونیم والے بِلے کے ہمراہ ایک روز خوشی والے گھر سے ودھائی لینے آیا۔ وہ چھ، آٹھ ماہ کے وقفے سے آتا رہتا تھا مگر اس بار خوشی والے گھر ہی کا ایک بندہ، جو عرب میں مزدوری کرکے لوٹا تھا اور عربوں کے گن گانے اور گاؤں میں ان جیسا لباس پہننے کی بدولت ْعابد عربیٗ کی شناخت پا کر اِتراتا پھرتا تھا، اُس کو یہ ناچ گانا غیر مذہبی لگا اور وہ بھڑک اُٹھا۔ تاہم پنجاب کی ثقافت میں پلی بڑھی اُس کی ماں، اُس کے منہ پر ایک چپیڑ مار کر ودھائی لینے والوں کی ساجھے دار بن اپنی ثقافت کی رکھوالی بن جاتی ہے مگر حاجی کھسرا یہ جان جاتا ہے کہ گاؤں پر پرچھاواں پڑ گیا ہے، یوں وہ بددعا دیتا ہے۔
اس پرچھاواں کی ابتدا تو اُس بندوق بردار ضیائی گاڑی کے گاؤں میں داخل ہونے کے وقت ہی پڑ گئی تھی، جو گاؤں والوں کو ْپکا نمازیٗ بنانے کے لیے ایک کمیٹی قائم کرنے آئی تھی۔ مزید برآں، اس بنیاد کو وہ لٹا پٹا افغانی مزید مضبوط کر دیتا ہے جس کے لیے گاؤں کا مولوی مسجد میں چندہ جمع کرتا ہے اور اُسے مسلمانوں کا بھائی قرار دے کر پناہ بھی دیتا ہے اور اُس کے لٹنے پٹنے کا بدلہ لینے کے لیے گاؤں سے مجاہد بھی بھجواتا ہے تاکہ وہ اُس افغانی بھائی کے لٹنے اور اُجڑنے کا بدلہ لے سکیں اور مذہب کو سربلند کرسکیں۔ مولوی کی جیسے جیسے اجارہ داری بڑھتی گئی، گاؤں کی ثقافت کا رنگ بھی بدلتا چلا جاتا ہے حالانکہ مولوی کو نمبردار کئی بار حویلی میں بلا کر تنبیہہ بھی کرچکا ہوتا ہے کہ مولوی اپنے کام سے کام رکھ۔
ناول میں مولوی کے کردار نے مجھے وہ واقعہ یاد دلادیا جو ہمارے ایک دیہی ثقافت کے دوست نے ایک بار سنایا تھا۔ وہ بتاتے تھے کہ اُن کے بزرگ اپنے گاؤں کی مسجد میں ایک مخصوص عرصے کے بعد مولوی بدل دیا کرتے تھے۔ چونکہ اُن کا گھرانہ نمبردار گھرانہ تھا، اس لیے وہ مولوی کی ضروریات کا پورا خیال رکھتے اور اُس سے محض نماز پڑھانے اور بچوں کو قرآن سکھانے کی توقع رکھتے۔ مولوی کے گھر روزانہ ایک کلو دودھ بھی بھجوایا جاتا تھا۔
ایک روز ایسا ہوا کہ بزرگ نمبردار کا گزر مولوی کے گھر کے سامنے سے ہوا۔ یہ گھر بھی اُنھی کا دیا ہوا تھا، اس نے وہاں ایک گائے بندھی دیکھی۔ بزرگ نمبردار نے فوراً مولوی کی چھٹی کروا دی۔ وہ کہا کرتے تھے کہ اگر مولوی اپنے پیر پھیلانے لگ پڑے تو سمجھو وہ اپنے مشن سے ہٹ گیا ہے اور پھر ایک دن مسجد پر بھی قبضہ جما لے گا اور مسجد ہی سے مال پانی بنانا شروع کردے گا۔
ناول میں مولوی صاحب کا کردار بھی کچھ ایسا ہی ہے کہ اُس کے اپنی ذمہ داری سے تجاوز نے گاؤں کی حالت یکسر بدل کر رکھ دی۔ وہ گاؤں جہاں زندگی میں سادگی اور بھائی چارہ تھا، جہاں کے ڈیرے آباد تھے، جہاں کے میدان مقامی کھیلوں کی ثقافت کے مظہر تھے، جہاں کی گلیوں میں لڑکے بالے بنٹے اور اخروٹ کھیلتے دکھائی دیتے، جہاں کے پیڑوں کے نیچے گاؤں کے بڑے بوڑھے کہانیاں سنایا کرتے، وہاں جہادی پیدا ہونے لگے۔ میلوں ٹھیلوں پر گولیاں چلنا شروع ہو گئیں، ڈیروں پر مال مویشی چوری ہونے لگے، گاؤں کے لڑکے جہاد پر بھیجے جانے لگے اور پھر اُن کے جنازے واپس آتے۔ مجاہد ان کی ماوں کو مبارک باد دیتے مگر ماوں کے سینے درد سے پھٹ پڑتے۔
ایسا نہیں تھا کہ گاؤں کے سیانوں نے مزاحمت نہ کی ہو بلکہ نمبردار بذاتِ خود، بابا بوٹا اور کچھ دوسرے لوگ گاؤں کی زندگی کو داغدار ہونے سے بچانے کی کوشش کرتے رہے، مگر ریاستی سرپرستی نے اُن کی مزاحمت کو ناکارہ بنا دیا۔
نتیجہ یہ نکلا کہ ایک گاؤں تباہ حال ہوگیا۔ ایک جہادی طبقہ پیدا ہوا، اور ایک ایسا طبقہ بھی جنم لینے لگا جو اپنے گاؤں کی جڑت سے زیادہ عربوں کی جڑت کو مقدم جان کر اُس کی تبلیغ پر جُت گیا۔ ساتھ ساتھ مقامی دُشمنیاں بھی جنم لیتے لگ پڑیں، پراکسی بننے والے جہادی نشے کی لت کا شکار ہو گئے۔
پھر یوں ہوا کہ گاؤں، گاؤں نہ رہا بلکہ پوری عالمی دنیا کا میدان جنگ بن گیا۔
اکمل شہزاد گھمن نے کمال ہنرکاری اور تخلیقی جوبن کے ساتھ اُس ریاستی پالیسی کے اثرات، جو دراصل عالمی طاقتوں کے ایجنڈے کا حصہ تھے پنجاب کے ایک دور افتادہ گاؤں پر اس طرح نمایاں کیے ہیں کہ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے ساری جنگ اسی گاؤں میں لڑی گئی ہو۔ یہی اس ناول کی سب سے بڑی خوبی ہے کہ ایک گاؤں وسیع اُجاڑ کا استعارہ بن جاتا ہے۔
یہاں آپ کو قاسمی کا طویل افسانہ ہیروشیما سے پہلے اور ہیروشیما کے بعد یاد پڑے گا۔
گاؤں کی بھینس راتوں رات مر گئی۔ جیجے اور طیفے کو بلایا گیا کیونکہ مُردار کی کھال وہی اُتارتے تھے اور اُس کا گوشت اُن کا روسی کتا اور مقامی گدھیں نوچتی تھیں۔ وہ مُردار بھینس کو گاؤں سے باہر لے گئے، کھال اُتاری اور ماس اپنے روسی کتے، گدھوں اور چیلوں کے لیے چھوڑ دیا۔
یکایک ماس اُتارنے والی بلاؤں کو روسی کتا قریب نہیں پھٹکنے دیتا مگر اُن کی تعداد اتنی زیادہ ہوجاتی ہے کہ وہ گاؤں کے آسمان پر اپنے پَر پھیلا دیتی ہیں اور پھر جب اُن کے پَر پھیلے تو پورے گاؤں پر ایک گہرا، منحوس پرچھاواں چھاسا گیا۔
اُس پرچھاویں کی منحوسیت مُرورِ ایام کے ساتھ مزید گہری ہوتی جا رہی ہے، گہری ہوتی جا رہی ہے، یہ نہوست چھٹ سکتی ہے لیکن شاید اس کے لئے حاجی کھسرے کی بددعا کو دُعا میں بدلنا ہو گا۔

Author

  • احمد اعجاز

    احمد اعجاز سینئر صحافی اور سیاسی امور کے ماہر ہیں۔ وہ ملک کے معروف اخبارات اور ٹی وی چینلز سے وابستہ رہنے کے علاوہ عالمی نشریاتی اداروں کے لئے بھی سیاسی موضوعات پر لکھتے ہیں۔

”پنجابی ادب کا سب سے بڑا فکشن ایوارڈ “ڈاھاں پرائز 2026” جیتنے والے ناول “پرچھاواں” کا تعارف“ ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ لکھیں