فیصل آباد: اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا فلیگ شپ پروگرام ہے جو دیہی معیشت کو مضبوط بنانے اور بے زمین کسانوں کو بااختیار بنانے میں سنگ میل ثابت ہو گا۔ یہ بات سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید نے کہی ہے وہ کمشنر آفس میں اس پروگرام پر عملدرآمد کی پیشرفت کا جائزہ لے رہے تھے۔ کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع کے 1246 موضع جات میں پانچ ایکڑ کی 3630 لاٹس اور 10385 ایکڑ رقبہ موجود ہے جبکہ ان موضع جات میں آبپاشی کے لئے پانی بھی دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے لئے ضروری ہے کہ درخواست دہندہ بے زمین ہو اور اس کے پاس زیادہ سے زیادہ 10 مرلہ کا رہائشی مکان ہو اور وہ اسی موضع یا ملحقہ موضع کا مستقل رہائشی ہو۔ علاوہ ازیں ایک خاندان سے ایک فرد ہی ایک لاٹ کے لئے اہل ہے اور اہل امیدوار 18 مئی تک آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست جمع کر سکتے ہیں۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نے کہا کہ اس سلسلے میں عوام الناس کی آگاہی کے لئے مساجد میں اعلانات کروانے کے علاوہ موضع جات میں لاٹس کی تفصیلات درخواست گزار کو دکھائی جائیں تاکہ قرعہ اندازی کے وقت کوئی ابہام نہ رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یکم جولائی سے گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ مکمل طور پر نافذ ہو جائے گا جس سے پراپرٹی مالکان کو سہولت ملے گی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر، ڈائریکٹر جنرل پلرا اکرام الحق، ایڈیشنل کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو، اسسٹنٹ کمشنر جنرل کے علاوہ جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے۔
