فیصل آباد: ڈویژنل انتطامیہ نے رہائشی علاقوں میں ماحولیاتی آلودگی اور شہریوں کے لئے خطرے کا باعث بننے والے کارخانوں کو بند کروانے کا فیصلہ کیا ہے.
یہ فیصلہ کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی زیر صدارت انڈسٹریل ری لوکیشن کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس میں ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری، ڈپٹی ڈائریکٹر ای پی اے عثمان اظہر، ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر رائے یاسین اور ڈی او انڈسٹریز محمد عرفان سمیت دیگر افسران شریک تھے.
اس سلسلے میں لیبر ڈیپارٹمنٹ، میونسپل کارپوریشن اور محکمہ تحفظ ماحولیات کی ٹیمیں رہائشی آبادیوں کے اندر یا قریب واقع 441 کارخانوں کو نوٹس جاری کریں گی اور ان کی ماحولیاتی منظوریوں، لیبر پروفائلز، بلڈنگ پلان کی منظوریوں اور بوائلرز اور پریشر ویسلز کی صلاحیت اور حفاظت کا جائزہ لیں گی۔
کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مزید کارروائی کا تعین کرنے سے پہلے ان کارخانوں کا جامع جائزہ لیں تاکہ انہیں بند کروانے یا شہر سے باہر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا جا سکے.
یہ اقدام محکمہ تحفظ ماحولیات کے ایک حالیہ سروے کے بعد کیا گیا ہے جس میں پتا چلا ہے کہ فیصل آباد شہر میں واقع نصف سے زیادہ صنعتی یونٹس “انتہائی زیادہ” ماحولیاتی خطرات کے زمرے میں آتے ہیں۔
سروے میں 105 یونین کونسلوں میں 782 صنعتی یونٹس کا نقشہ تیار کیا گیا ہے جس میں تقریباً 43,612 مزدور کام کر رہے ہیں . ان میں سے 568 یونٹ رہائشی علاقوں سے 500 میٹر کے دائرے میں جبکہ 441 رہائشی آبادی یا محلوں کے اندر واقع ہیں۔
سروے میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ مبینہ طور پر 782 میں سے 734 فیکٹریوں کے پاس ماحولیاتی عدم اعتراض کے سرٹیفکیٹ نہیں ہیں جبکہ 70 یونٹس زمین کے استعمال کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مطلوبہ ماحولیاتی منظوری یا کیمیکل لائسنس کے بغیر کام کر رہے ہیں۔ سروے میں ایسی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔
سروے میں بوائلرز سے مضر صحت گیسوں کے اخراج، ویسٹ واٹر کو صاف کئے بغیر سیوریج سسٹم میں شامل کرنے کے علاوہ سڑکوں اور گلیوں میں خارج کرنے اور فیکٹریوں کی رہائشی آبادیوں کے اندر موجودگی کے باعث ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کی نشاندہی کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کیونکہ فیصل آباد کے شہری پہلے ہی شدید گرمی اور دیگر ماحولیاتی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔
ایسے میں فیصل آباد جیسے تیزی سے پھیلتے ہوئے صنعتی شہر کے لیے، زیادہ خطرے والی صنعتوں کو منتقل کرنا، ماحولیاتی معیارات کو نافذ کرنا اور مناسب فضلہ اور اخراج کے انتظام کو یقینی بنانا آلودگی میں اضافے کو کم کرنے میں مدد کر کے ایک محفوظ اور زیادہ پائیدار شہری ماحول پیدا کر سکتا ہے۔