چناب کلب کی پارکنگ سے گاڑی چوری کرنے والے ملزموں نے تعاقب کرنے پر مالک کو قتل کر دیا

فیصل آباد: شہر کی معروف کاروباری شخصیت اور جمسا کمپنی کے ڈائریکٹر میاں ریحان اشرف چناب کلب سے چوری ہونے والی اپنی لینڈ کروزر گاڑی کا تعاقب کرتے ہوئے ملزموں کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے۔ تھانہ صدر میں درج ہونے والی ایف آئی آر کے مطابق ہفتہ 17 اکتوبر کی رات 9 بجے محمد ریحان اشرف اپنے دیگر عزیزوں کے ہمراہ اپنی گاڑی ٹویوٹا سگنیس پر کھانا کھانے چناب کلب آئے اور گاڑی والٹ پارکنگ سٹاف کو دے کر اندر چلے گئے۔ اس کے کچھ دیر بعد ریحان اشرف کو گاڑی میں لگے ٹریکر سے گاڑی کے آن اور آف ہونے کے میسج آنے شروع ہو گئے جس پر وہ گاڑی چیک کرنے پارکنگ میں پہنچے تو ان کی گاڑی غائب تھی اور والٹ پارکنگ میں عملے کے جس شخص کو پارکنگ کے لئے گاڑی کی چابی دی گئی تھی وہ بھی وہاں موجود نہیں تھا۔ اس پر انہوں نے ٹریکر کمپنی کو کال کرنے کے علاوہ ریسکیو 15 پر بھی اطلاع کر دی اور ٹریکر کمپنی کی طرف سے بھیجی گئی لوکیشن کے تعاقب میں اپنے عزیزوں کے ہمراہ ان کی کار میں چوروں کا پیچھا شروع کر دیا۔ اس دوران جڑانوالہ روڈ پر بجلی گھر کے قریب انہیں ٹریفک جام میں اپنی گاڑی نظر آئی جس پر ریحان اشرف کار سے نکل کر اپنی گاڑی کی طرف بڑھے۔ اس دوران گاڑی چوری کرنے والے ملزموں میں سے ایک نے ان سے پسٹل پر فائرنگ کر دی جس سے وہ گردن میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گئے جبکہ ملزم گاڑی سمیت موقع سے فرار ہو گئے۔ بعدازاں سہیل اشرف کا طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گئے۔ اس واردات کی اطلاع ملنے پر سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین نے ایس پی اقبال ڈویژن سعید احمد سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ علاوہ ازیں ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں