
فیصل آباد : گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کا چھٹا سالانہ کانووکیشن گزشتہ روز ہوا جس میں 2722 طالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں۔ ان میں 12 پی ایچ ڈی، 148 ایم فل، 123 اے ڈی پی/بی ایڈ اور 2439 بی ایس کی طالبات شامل تھیں۔ علاوہ ازیں نمایاں کارکردگی پر 32 طالبات کو گولڈ، 37 کو سلور اور 29 کو کانسی کے میڈلز سے نوازا گیا۔ کانووکیشن کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے کی جبکہ ایم پی اے قدسیہ بتول اور وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر روف اعظم دیگر مہمان بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر کنول امین نے اس موقع پر یونیورسٹی کی سالانہ رپورٹ بھی پیش کی اور کامیاب گریجویٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ان کی محنت، لگن اور اساتذہ کی رہنمائی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے طالبات کو چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے اور سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال کے ذریعے محفوظ ڈیجیٹل شہری بننے پر زور دیا۔
