فیصل آباد: معروف صنعتکار ریحان نسیم بھراڑہ پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے بلا مقابلہ چیئرمین جبکہ رضوان احسان سینئر وائس چیئرمین اور حارث یوسف وائس چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں۔ اس سے پہلے دو سالہ مدت کیلئے ایگزیکٹو کمیٹی کے چوبیس اراکین بھی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے رکن وسیم لطیف کے مطابق نتائج کا باقاعدہ اعلان 26 ستمبر کو پی ٹی ای اے کے سالانہ اجلاس عام میں کیا جائے گا جبکہ نو منتخب قیادت یکم اکتوبر سے اپنے عہدے کا چارج سنبھالے گی۔
نومنتخب چیئرمین ریحان نسیم بھراڑہ کا تعلق فیصل آباد کے معروف کاروباری گھرانے سے ہے۔ وہ قبل ازیں2009 میں بھی بطور وائس چیئرمین ایسوسی ایشن کےلئےخدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ نومنتخب سینئر وائس چیئرمین رضوان احسان کراچی کے ایک معروف کاروباری گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور ٹیکسٹائل مینوفیکچرنگ میں وسیع تجربہ کے حامل ہیں جبکہ نومنتخب وائس چیئرمین حارث یوسف سابق چیئرمین پی ٹی ای اے محمد یوسف مرحوم کے فرزند ہیں اور کاروباری حلقوں میں جانی پہچانی شخصیت ہیں۔

نومنتخب چیئرمین ریحان نسیم بھراڑہ نے اس موقع پر اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ ملک کی صفِ اول کی ٹیکسٹائل ایسوسی ایشن کی قیادت کرنا ان کے لیے اعزاز کے ساتھ ساتھ ایک بڑا چیلنج بھی ہے، بالخصوص ایسے نازک وقت میں جب صنعت کو غیر معمولی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل شعبہ، جو برآمدات اور روزگار کا ایک اہم ذریعہ ہے، کاروباری لاگت میں اضافے اور خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پیداواری لاگت کے حوالے سے مسابقتی نقصان کے باعث شدید مالی دباؤ اور عدمِ پائیداری سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس زوال کو روکنے کے لیے فوری اصلاحی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے میں ٹیکسٹائل شعبے کو مرکزی کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے ٹیکسٹائل صنعت کے تمام حلقوں، بشمول ویلیو ایڈڈ ایسوسی ایشنز، کے درمیان قریبی تعاون پر زور دیا تاکہ شعبے کی مسابقت بحال ہو اور اسے پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔
نو منتخب وائس چیئرمین حارث یوسف نے ممبران کے اعتماد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ چیئرمین اور سینئر نائب چیئرمین کے ساتھ مل کر صنعت کو درپیش اہم مسائل کے حل کے لیے بھرپور کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئی قیادت ٹیکسٹائل شعبے میں اتحاد، پالیسی سازوں کے ساتھ تعمیری روابط اور برآمد کنندگان کی مسابقت بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کو ترجیح دے گی۔
پی ٹی ای اے کے چیئرمین سہیل پاشا نے نومنتخب قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی ٹیم ٹیکسٹائل انڈسٹری کی ترقی اور برآمدی حجم میں اضافہ کیلئے پالیسی سازی سمیت ممبران کو بہتر خدمات کی فراہمی اور ادارہ جاتی کارکردگی کے حوالے سے ایسوسی ایشن کے کردار کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئی قیادت کو ٹیکسٹائل صنعت کی پائیدار ترقی اور پاکستان کو ٹیکسٹائل کاروبار کی آؤٹ سورسنگ کے لیے ایک پرکشش مرکز بنانے کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی جیسے اہم چیلنجز درپیش ہوں گے۔ٹیکسٹائل سیکٹر کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود صنعت کو فعال رکھنے کے لیے مسلسل مؤثر نمائندگی، مضبوط لابنگ، عملی اقدامات اور پالیسی سازوں کے لیے جدید اور قابلِ عمل حل ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ ٹیکسٹائل صنعت قومی معیشت میں نمایاں کردار ادا کرتی ہے، اس لیے اس شعبے کی قیادت پر پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کاسالانہ اجلاس عام 26 ستمبر کو ہوگا جس میں سبکدوش ہونیوالے چیئرمین سالانہ رپورٹ پیش کریں گے اور سالانہ انتخابات کے نتائج کاباضابطہ اعلان کیا جائے گا۔