فیصل آباد میٹرو بس منصوبے پر تعمیراتی کام رواں ہفتے شروع ہوگا

فیصل آباد:وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے فیصل آباد میٹرو بس منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت کے بعد طاہر پورہ نزد انٹرنیشنل ایئرپورٹ جھنگ روڈ سے تعمیراتی کام شروع کرنے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ فیصل ٹاؤن جڑانوالہ روڈ سے طاہر پورہ جھنگ روڈ تک 20.3 کلومیٹر اورنج لائن پر27 میٹرو بسیں /2 ٹرام چلیں گی۔ ماس ٹرانزٹ سسٹم میں مجموعی طور پر 21 اسٹیشن بنیں گے جبکہ دو بس ڈیپو اور سات یوٹرنز کی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ ہے۔ یہ باتیں ممبر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی زاہد سعید نے کہی ہے وہ کمشنر مسرت جبیں کے ہمراہ اس سلسلے میں ہونے والے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا ہے کہ میٹرو بس منصوبے پر 79 ارب روپے کی لاگت آئے گی جو ڈیڑھ سال کے مختصر وقت میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے واسا، فیسکو، سوئی گیس، پی ایچ اے، میونسپل کارپوریشن، ٹریفک پولیس، پی ٹی سی ایل کو باقی ماندہ یوٹیلٹی سروسز کی فوری منتقلی کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹریل کو بروقت اور بحاظت ڈسپوز کرنے کے لئے ڈمپنگ سائٹس بھی فائنل کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کو ٹریفک کے متبادل روٹس کا پلان تشہیر کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کھدائی کے عمل کو محفوظ بنانا ترجیح ہے۔ ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر سمیت نیسپاک کے نمائندے اور ٹیکنیکل افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔

Authors

  • نعیم احمد ایک تحقیقاتی صحافی ہیں جو سماجی مسائل پر لکھنے میں مہارت رکھتے ہیں۔ ان کی تحریریں خاص طور پر پسماندہ طبقات کے حقوق کی وکالت پر زور دیتی ہیں۔

  • نامہ نگار خصوصی
اپنا تبصرہ لکھیں