پنجاب حکومت کے 2 پراجیکٹ ورلڈ سمٹ انفارمیشن سوسائٹی کی ٹاپ لسٹ میں شامل

لاہور: اقوام متحدہ کی ورلڈ سمٹ انفارمیشن سوسائٹی نے پنجاب حکومت کے ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی”میرا پیارا“ پراجیکٹ کو دنیا کے ٹاپ فائیو پراجیکٹ میں شامل کیا ہے جبکہ پنجاب کا ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن بھی دنیا بھر کے ٹاپ 20 پراجیکٹس میں شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوامی خدمات کے معتبر فورم اقوام متحدہ کے تحت(WSIS) پرائزز ڈیجیٹل گورننس پر پنجاب کے دو پروگرام کا شامل کیا جانا اعزاز ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پنجاب کے ان پراجیکٹس کی بدولت پاکستان ڈبلیو ایس آئی ایس کیٹیگری میں دو شارٹ لسٹ شدہ پراجیکٹس کے ساتھ دنیا کا واحد ملک بن گیا ہے۔ واضح رہے کہ ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی (VCCS) کے ذریعے بچوں سے متعلق ایک لاکھ 45 ہزار سے زائد کیسز نمٹائے گئے۔ ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی کی بدولت 77 ہزار سے زائد گمشدہ بچے بازیاب کئے گئے جن میں تین ہزار اسپیشل (معذور) بچوں کو بھی تلاش کر کے خاندانوں سے ملوایا گیا۔ علاوہ ازیں مربوط ڈیجیٹل رسپانس کے ذریعے بدسلوکی، آن لائن استحصال اور کمزور بچوں کے تحفظ کے ہزاروں کیسز حل کیے گئے اور چائلڈ بدسلوکی کیسز میں اب تک 3,830 ملزمان کو گرفتار کر کے 4,168مقدمات کے چالان عدالتوں میں جمع کروائے جا چکے ہیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں