فیصل آباد:ریحان اشرف قتل کیس میں ملزمان تک پہنچنے میں سیف سٹی کیمروں سے بہت مدد ملی ہے۔ اس لئے جرائم پر قابو پانے کے لئے بزنس کمیونٹی کو اپنی فیکٹریوں اور گھروں میں مزید سی سی ٹی وی کیمرے لگوانے چاہئیں تاکہ جرائم کی شرح صفر پر لائی جا سکے۔
یہ بات سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین نے کہی ہے وہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بزنس کمیونٹی کے اراکین سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کاروباری افراد اور صنعتکار مزید سی سی ٹی وی کیمرے لگوا دیں گے تو شاید سکیورٹی گارڈز رکھنے کی ضرورت میں بھی کمی آ جائے۔
سی پی او کے مطابق جب اُن کی تعیناتی ہوئی تو پنجاب کے دوسرے اضلاع کے مقابلے میں فیصل آباد میں جرائم کی شرح قدرے زیادہ تھی تاہم گزشتہ چند ماہ کے دوران اُن کی حکمت عملی سے جرائم میں خاطر خواہ کمی آئی ہے اور اِس کی سب سے بڑی وجہ سی سی ٹی وی کیمرے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج خواتین سمیت شہری خود کو محفوظ سمجھتے ہیں اور خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تھانوں میں مہیا کی جانے والی 20 سے زیادہ سہولتیں خدمت مراکز کے سپرد کر دی گئی ہیں اور تھانے صرف جرائم کے خاتمے پر توجہ دے رہے ہیں۔
قبل ازیں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عارف احسان ملک نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے فوری حل کیلئے پولیس اور چیمبر کی مشترکہ مانیٹرنگ کمیٹی قائم کی جائے اور کاروباری تنازعات کو تھانوں میں حل کرنے کی بجائے چیمبر کو بھیج دیا جائے اس طرح نہ صرف پولیس پر کام کا بوجھ کم ہوگا بلکہ ان معاملات کو باہمی رضامندی سے حل کیا جا سکے گا۔