فیصل آباد: شہر اور نواحی علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران تین مبینہ ملزم ہلاک جبکہ پانچ مبینہ ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ پولیس کے مطابق سمن آباد کے علاقے میں ایک گھر میں ڈکیتی کی واردات کے بعد فرار ہونے والے پانچ ڈاکوؤں نے تھانہ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقے میں پولیس ناکے پر پولیس سے سامنا ہو گیا جس پر ملزموں فائرنگ کر دی۔ بعدازاں چناب گارڈن سمندری روڈ کے قریب ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے میں ملزموں کے تین ساتھی ہلاک جبکہ دو فرار ہو گئے۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے کانسٹیبل عاطف ادیب کے سینے پر گولی لگی لیکن وہ بلٹ پروف جیکٹ پہننے کی وجہ سے محفوظ رہا۔ ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت امجد علی اور بلال ساکنان جہلم جبکہ امجد عرف چونڈی ساکن بھلوال کے نام سے ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں تھانہ باہلک کے علاقے پنڈی شیخ موسیٰ میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کے دوران موٹرسائیکل بے قابو ہو کر درخت سے ٹکرانے کے باعث دو ملزم صادق سکنہ چک نمبر 366 گ ب اور یاسین سکنہ چک نمبر 598 گ ب زخمی ہو گئے۔ تھانہ روشن والا کے علاقے چک نمبر 245 ر ب میں بچوں سے زیادتی کے مقدمات میں مطلوب ملزم عارف حنیف کی گرفتاری کے لیے چھاپے کے دوران فائر لگنے سے وہ زخمی ہو گیا۔ اسی طرح تھانہ ڈجکوٹ کے علاقے چک نمبر 263 ر ب میں ارسلان فاروق، تھانہ غلام محمد آباد کے محلہ مراد آباد میں چک نمبر 138 کا انصر اور تھانہ ملت ٹاؤن کے علاقے چک نمبر 101 گوکھووال کے قریب چنیوٹ کا رہائشی گلفام بھی مبینہ پولیس مقابلے میں زخمی ہونے کے بعد حراست میں لے لیا گیا۔