پنجاب کی تقسیم سے جڑے وہ سوالات جن پر بات نہیں ہوتی

پنجاب کی تقسیم یا اسے توڑنے کی باتیں نئی نہیں ہیں، پہلے آزادی کے نام پر اس خطے کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کیا گیا اور اب نئے صوبے بنانے کے نام پر اس کے ٹکڑے کرکے حصے بخرے کرنے کی کوشش ہو رہی ہیں۔ اس سے پہلے جنوبی پنجاب اور بہاولپور ڈویژن کو الگ صوبہ بنانے کی قراردادیں بھی پنجاب اسمبلی سے منظور کروائی جا چکی ہیں جس میں پنجاب کی موجودہ حکمران جماعت مسلم لیگ ن بھی شامل ہے۔ تاہم بات فقط یہیں تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ قصہ اس سے بہت پہلے سے شروع ہوتا ہے۔
کبھی اُس آمر کا نام بھی لیجیے جس نے یہ سب شروع کیا۔ الطاف حسین کی چنگھاڑتی آواز مت بھولیے جب وہ سندھ میں بیٹھ کر پنجاب کی تقسیم کے حامی تھے۔ زرداری صاحب کی تقسیم کی سیاست پر بھی پردہ مت ڈالیے۔ مردم شماری کے کاغذات میں رد و بدل اور نئی زبانوں کے اندراج کے سال یاد کریں اور کھلے دل و دماغ سے اصل حقائق جاننے کی کوشش کیجیے۔
سوال یہ ہے کہ ایسی کیا وجہ ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں صرف ایک صوبے کی تقسیم کے لیے یک زبان ہیں؟ ایسی کیا وجہ تھی کہ نئے صوبے کو مرکزی نعرہ بنا کر پنجاب میں سیاست کی گئی؟ اگر رانا ثنااللہ اتنے ہی عوام دوست اور عوام کے نمائندہ ہیں تو وہ بتائیں مسلم لیگ ن کو جنوبی پنجاب کے بعد بہاولپور صوبے کی قرارداد پیش کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ میڈیا اور سوشل میڈیا پر “تمام پنجابی، پنجاب کی تقسیم چاہتے ہیں” کا بیانیہ کون بنا رہا ہے ؟ پنجاب کی تعلیمی درسگاہوں کے علاوہ اور کسی صوبے کی درسگاہوں میں “نئے صوبوں کے فوائد” کے موضوع پر سیمینار کیوں نہیں کروائے جا رہے؟ یہ کون سی ترقی اور خوشحالی ہے جو صرف پنجاب کو درکار ہے اور باقی صوبوں کو نہیں، حالانکہ ملک میں پنجاب پہلے ہی سب سے بہتر پرفارم کر رہا ہے؟ ایسے کتنے لوگ ہیں جنہیں روز لاہور ہائی کورٹ تک رسائی درکار ہے اور اس رسائی کی خاطر ایک تاریخی اکائی کو ایک نہیں، دو نہیں، تین نہیں بلکہ چار حصوں میں بانٹنا ناگزیر ہو گیا ہے؟
پنجاب اسمبلی کی جن قراردادوں کو بار بار پنجابیوں کی آنکھوں کے سامنے لہرایا جا رہا ہے ان کا اس وقت 2026 میں کوئی قانونی جواز باقی نہیں رہ گیا۔ مسلم لیگ ن کو “پنجابی سیاسی جماعت” کیونکر ثابت کیا جا رہا ہے؟ اگر اس بات میں صداقت ہوتی تو یہ جماعت آخر کیوں قراردادیں منظور کرواتی پھرتی؟ پی ٹی آئی کو بھی لگتا ہے کہ پنجاب کے ٹکڑے کرنے سے تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔ ہر شے کو سیاہ و سفید میں کیوں دیکھا جا رہا ہے؟ کیا واقعی کوئی ایک بھی سیاسی جماعت پنجاب کی ایکتا کی حامی نہیں؟ اور اگر نہیں تو کیوں نہیں؟ باقی تینوں صوبوں کا مسئلہ کیا ہے؟ وہ کیوں تقسیم نہیں ہونا چاہتے؟ اگر آپ واقعی انصاف چاہتے ہیں تو ان سوالات پر غور کیجیے گا، چاہے آپ کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے کیوں نہ ہو۔

Author

  • علی عثمان باجوہ

    علی عثمان باجوہ ایک پاکستانی مصنف، فلم ساز، اداکار اور بصری فنکار (visual artist) ہیں، جو بنیادی طور پر عصری پنجابی ادب اور زبان کے فروغ کے لیے کی گئی اپنی خدمات کی بدولت جانے جاتے ہیں۔ لاہور میں مقیم علی عثمان، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (GCU) لاہور کے سابق طالب علم ہیں اور پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن (PTV) کے لیے ٹاک شو میزبان کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں