پنجابی سے پیار کرنے والےلکھنؤ کے حسین نقی کا ‘سجن’ اور صحافتی اصول

معروف صحافی اور انسانی حقوق کے رہنما حسین نقی ابھی چند روز پہلے ہی ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی ایگزیکٹو کونسل کے رکن منتخب ہوئے تھے.
انہوں نے سینئر صحافی ناصر زیدی کو ایچ آر سی پی کا چیئرمین منتخب کروانے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا تھا حالانکہ وہ مخالف گروپ کے سپورٹر تھے۔
تاہم انسانی حقوق اور آزادی اظہار رائے کے لئے آواز اُٹھانے اور اس کے لئے کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی عادت نے انہیں ناصر زیدی کے ساتھ کھڑا کر دیا۔
انہوں نے اپنی صحافت میں بھی ہمیشہ اسی روئیے کو مشعل راہ بنایا۔ اس لئے ان کی انگریزی صحافت ہو یا اردو یا پھر پنجابی انہوں نے کبھی اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا بلکہ عوام کی آواز بننے کو ترجیح دی۔
لکھنؤ کے اس سپوت کا ایک تعارف یہ بھی ہے کہ انہوں نے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی مقامی زبان کو بقا اور ترویج دینے کے لیے پہلا پنجابی روزنامہ “سجن” جاری کیا۔
اس خواب کو شرمندہِ تعبیر کرنے کے لیے انہیں کٹھن مراحل سے گزرنا پڑا۔ اس دوران سیاسی، صحافتی اور کاروباری حلقوں سے طویل بحث و مباحثے بھی ہوئے۔
ایک موقع پر جب روزنامہ نوائے وقت کے مدیرِ اعلیٰ مجید نظامی نے استفسار کیا کہ “نقی! آپ کو یہ کیا سوجھی؟” تو انہوں نے برجستہ اور تاریخ ساز جواب دیا: “آپ برسوں سے میری مادری زبان اردو میں اخبار شائع کر رہے ہیں، اب اگر میں آپ کی ماں بولی میں اخبار نکال رہا ہوں تو آپ کو کیا اعتراض ہے؟
انہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ انہوں نے دی نیوز لاہور کے پہلے ایڈیٹر کی حیثیت سے میر شکیل سے یہ بات منوائی کہ جتنے لڑکے کام کریں گے اتنی لڑکیاں ہوں گی۔
اس طرح صحافت کے شعبے میں پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں خواتین صحافیوں کو کام کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے ایک مرتبہ میر شکیل سے یہ بھی کہا تھا کہ وہ خبروں کے معاملے میں کوئی دباو برداشت نہیں کریں گے اگر کبھی انہیں اعتراض ہو تو وہ بتا سکتے ہیں تاکہ وہ ایڈیٹر کا عہدہ چھوڑ دیں.
حسین نقی نے اپنی جرات اظہار کی بدولت 2018 میں جمہوری حکومت کی بساط لپیٹنے کے لئے ہرکارہ بننے والے اس وقت کے چیف جسٹس ثاقب نثار کو بھی اپنے عزم سے ایسی شکست فاش سے دوچار کیا تھا کہ وہ بھرپور کوشش کے باوجود سابق جج عامر رضا کو پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کا چیئرمین نہ بنوا سکے۔
اس کیس میں بلکہ الٹا ثاقب نثار کو عدالت میں حسین نقی سے بدتمیزی پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور وہ ان کے خلاف خواہش کے باوجود توہین عدالت کی کاروائی آگے نہ بڑھا سکے۔
آج وہ اگرچہ ہم میں موجود نہیں رہے لیکن ان کی شخصیت اور اصول ہر اس شخص کے لئے مشعل راہ بنے رہیں گے جو آزادی اظہار رائے ،انسانی حقوق اور جمہوریت پر یقین رکھتا ہے.

Author

  • عصمت اللہ نیازی

    عصمت اللہ نیازی سینئر صحافی ہیں اور گزشتہ چار دہائیوں سے شعبہ صحافت سے وابستہ ہیں۔ وہ کنٹرولر پی ٹی وی نیوز کے علاوہ ٹرسٹ فار ڈیموکریٹک ایجوکیشن اینڈ اکاونٹیبلٹی کے کنسلٹنٹ بھی رہ چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں