مذبحہ خانوں کا چھپا ہوا المیہ

بات گوشت کھانے سے شروع ہوئی لیکن جلد ہی انسانی جبلت کے تاریک پہلوؤں کی جانب مڑ گئی۔ محمد علی نے جو میرے قریب ہی بیٹھا تھا سوال پوچھا ‘کیا آپ کبھی سلاٹر ہاؤس گئے ہیں؟’ جہاں (انسانوں کی خوراک کا سامان بننے کے لیے) روزانہ جانور ذبح ہوتے ہیں؟ میں نے کہا کہ نہیں میں کبھی نہیں گیا اور اس سے پوچھا ’کیا تمام گوشت جو دکانوں پر مہیا ہوتا ہے سلاٹر ہاوس سے آتا ہے؟‘ اُس نے بتایا کہ لوگ جانوروں کو اپنے طور پر بھی ذبح کرتے ہیں مگر جو ’’حفظانِ صحت‘‘ کی مہر لگتی ہے وہ سلاٹر ہاوس کا ادارہ لگاتا ہے۔ 
محمد علی نے مجھے یہ بتا کے شدید اذیت میں مبتلا کر دیا کہ سلاٹرز ہاوس میں جانوروں کو جس بے دردی سے’ قتل‘ کیا جاتا ہے، اسے کوئی جگرے والا انسان بھی برداشت نہیں کر سکتا ہے۔ محمد علی جذباتی انداز میں باتیں کر رہا تھا۔ “میرا چھوٹا بھائی ویٹرنری ڈاکٹر ہونے کی وجہ سےسلاٹر ہاوس کا اکثر دورہ کرتا ہے۔ وہ مجھے عجیب و غریب واقعات سناتاہے۔ ایک دن اُس نے بتایا کہ ایک گائے ذبح کرنے کے لیے لائی گئی تو اس کے پیٹ میں آٹھ ماہ کا بچہ تھا۔ میں یہ بات سُن کر کئی دن تک اداس رہا بلکہ اندر ہی اندر مجرم سا بنا رہا کہ ہم انسان اس قدر سفاک کیسے ہو سکتے ہیں؟ اس گائے کو مالک نے اپنی کسی مجبوری کے باعث بیچ دیا تھا جسے سلاٹرہاوس کے ذمہ داران نے حاملہ ہونے کے باوجود جانتے بوجھتے بے دردی سے ذبح کر دیا۔ جب گائے کو کاٹا گیا تو اس کے اندر بچہ موجود تھا جوشاید ایک آدھ ماہ بعد پیدا ہو جاتا۔‘‘
 محمد علی کی یہ باتیں سُن کر میں کئی دن اداس رہا ۔
 میں اس واقعہ کو کسی بھی انسانی زندگیوں کے بڑے المیاتی واقعات سے کم نہیں سمجھتا۔ ہم انسانوں کے ساتھ وابستہ ہی اخلاقی  اور قانونی معیارات کا تقاضا کرتے ہیں اور انھی کے مطابق انسانوں کو اچھا ، بُرا، ظالم ، ہم درد قرار دیتے ہیں  مگر یاد رکھیے کہ ہم دردی یا سفاکی، اخلاقی یا بد اخلاقی کے معیارات اپنی نوعیت میں ہر انسان میں ایک جیسے ہی ہوتے ہیں۔ خواہ وہ کسی انسان کے لیے ہوں یا فطرت کی بے پایاں حدود میں موجود کسی بھی جان دار اور بے جان اشیا کے لیے۔ کیسی عجیب بات ہے کہ ہم اچھے اور برے ہونے کے تمام معیارات صرف انسانوں کے ساتھ رکھتے ہیں حالاں کہ شر،جرم یا گناہ اپنی نوعیت میں انسان کے اندر ایک کیفیت یا صلاحیت ہے جو ہوتی ہے یا نہیں ہوتی۔  مورل کرائم بڑی عجیب چیز ہے۔ انسان کو خود علم نہیں ہوتا کہ وہ قانونی جرم تو نہیں کرتا مگر مورل کرائم کا شکار ہے۔جرم نہ کرنا مگر جرم کرنے کی ہمت رکھنا یا ایسی جگہ جرم کا مظاہرہ کرنا جسے سماج جرم تسلیم نہیں کرتا اصل میں جرم ہی کی مختلف قسمیں ہیں۔اگر میں کسی انسان کے ساتھ اچھا برتاو کرتا ہوں مگر درخت کاٹنے میں ذرا دیر نہیں لگاتا، اس کا مطلب ہے کہ میں اپنے اندر جرم کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا مگر انسان کے ساتھ جرم کرتے ہوئے میں مورل ہو جاتا ہوں ۔ جہاں انسانی سماج مجھے قانون کی طاقت سے نہیں روک پاتا، میں وہاں اپنے اندر کے جرم کا ارتکاب کر لیتا ہوں۔ یہ اصل میں Social Hypocrisy ہے۔ 
 قانون کی کتابوں میں ذہنی رویے کی سزا نہیں ہوتی۔اگر ہم جان سکیں اور اس کی سزا بھی متعین کرسکتے تو شاید ہم سب مجرم ہوں۔ بڑے گناہ گار۔ 
ہم ایسے شخص کو بہت شریف اور امن پسند سمجھتے ہیں جو بظاہر ہاتھ نہیں اُٹھاتا، گالی نہیں دیتا اور وقت پر عبادت کرتا ہے۔ چاہے وہ اندر سے دوسروں کے حق مارنے کی سازشیں کرتا ہو، دل کا کھوٹا ہو یا منافق ہو۔ جانوروں کوحقیر سمجھتا ہو یا فطرت کا دشمن ہو۔ انسانی آنکھ صرف ظاہری عمل دیکھ سکتی ہے، انسانوں کے دلوں کے اندر جھانکنے کی صلاحیت کسی کے پاس نہیں۔ چونکہ یہ جرائم دماغ اور دل کے نہاں خانوں میں ہوتے ہیں، اس لیے معاشرہ اس وقت تک ان کا نوٹس نہیں لیتا جب تک وہ کوئی ہولناک مادی شکل اختیار نہ کر لیں۔ 
 اگر غور کیا جائے تو جن لوگوں نے ایک حاملہ گائے کو محض یہ جانتے ہوئے بھی منٹوں میں ذبح کر دیا کہ وہ ایک بچے کو جنم دینے والی ہے، یا وہ شخص جو یہ جانتا تھا کہ یہ بچہ جننے والی ہے اور اسے سلاٹر ہاؤس بیچ آیا تاکہ اسے قتل کر دیا جائے، کیا وہ مجرمانہ ذہنیت نہیں رکھتے تھے؟ کیا وہ جرم کرنے کی ’’صلاحیت سے مالا مال‘‘ نہیں تھے؟ یہ لوگ کبھی ایکسپوز نہیں ہوں گے جب تک یہ جرم انسانی قانون کے مطابق وقوع پذیر نہیں ہو گا۔ انسانی قانون ان کو مجرم کہے گا تو یہ مجرم کہلائیں گے ورنہ یہ اچھے انسان اور باکردار محنتی لوگ ہی سمجھے جاتے رہیں گے۔
کوئی کچھ کہے نہ کہے، مگر کم از کم میں اور محمد علی ان لوگوں کو سنگین مجرم قرار دے چکے ہیں اور اس بچے کی موت کا گناہ گار بھی جو ابھی پیدا ہونا تھا۔

Author

  • ڈاکٹر قاسم یعقوب

    ڈاکٹر قاسم یعقوب اردو ادب کے ایک نمایاں محقق، نقاد، شاعر اور ناول نگار ہیں۔ ان کی پہچان بطور ایک استاد اور معروف ادبی جریدے "نقاط" کے مدیر کی بھی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں