فیصل آباد: شہر میں تجاوزات کے خاتمے کے لئے میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے انفورسمنٹ ونگ کو نئے یونیفارمز، مشینری، گاڑیاں اور اپ گریڈ شدہ پٹرولنگ موٹر سائیکلیں فراہم کر دی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر/ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن محمد نعمان صدیق نے کہا ہے کہ انفورسمنٹ ونگ کا عملہ شہر بھر میں ہمہ وقت فیلڈ میں موجود رہے اور بالخصوص رش کے اوقات میں مؤثر پٹرولنگ کے ذریعے ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی آمدورفت میں حائل رکاوٹوں کو دور کرے۔ بعدازاں انفورسمنٹ ونگ کے عملے نے نئے یونیفارمز، جدید مشینری اور پٹرولنگ موٹر سائیکلوں کے ہمراہ شہر بھر میں فلیگ مارچ کیا جس کی قیادت چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عثمان غنی نے کی۔ فلیگ مارچ میونسپل کارپوریشن آفس سے شروع ہو کر چناب کلب چوک، بلال روڈ، جیل روڈ، ایگریکلچر یونیورسٹی چوک، ڈی سی آفس روڈ اور کمشنر ہاؤس روڈ سے ہوتا ہوا واپس میونسپل کارپوریشن آفس پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔